۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
حجۃ الاسلام و المسلمین سید مختار حسین جعفری

حوزہ/ مدیر حوزہ علمیہ امام محمد باقر علیہ السلام، حجۃ الاسلام و المسلمین سید مختار حسین جعفری نے رھبر کبیر انقلاب اسلامی ایران، حضرت امام خمینی کی ۳۴ویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ ایک پروگرام میں امام خمینی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے متعلق کہا کہ آپ کو خدا کی ذات پر بے انتہاء یقین تھا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صوبہ جموں کے معروف دینی ادارے، حوزہ علمیہ امام محمد باقر علیہ السلام کی جانب سے رہبر انقلاب اسلامی، حضرت امام خمینی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی ۳۴ ویں برسی کی مناسبت سے ایک عظیم الشان پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا افتتاح قاری بین الملل، حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید کرار علی جعفری نے تلاوت کلام الھیٰ سے کیا۔

رپورٹ کے مطابق، اس پروگرام میں دیگر دینی و سماجی شخصیات کے علاوہ مدیر حوزہ علمیہ امام محمد باقر علیہ السلام، حجۃ الاسلام و المسلمین سید مختار حسین جعفری، بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں شعبہ فارسی کے استاد حجۃ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر سید کوثر علی جعفر صاحب ، حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید مظھر علی جعفری صاحب اور سابقہ ڈگری کالج پرنسپل جناب سید شبیر حسین جعفری صاحب نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

مدیر حوزہ علمیہ امام محمد باقر علیہ السلام حجۃ الاسلام و المسلمین سید مختار حسین جعفری نے اپنے خطاب میں امام خمینی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی شخصیت کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام خمینی کو ذات خدا پر انتہاء درجے کا یقین تھا اور خدا کی ذات پر امام کا یہ یقین انقلاب کی کامیابی کی وجہ بنا۔

حجۃ الاسلام و المسلمین سید مختار حسین جعفری نے کہا کہ جہاں ساری دنیا اس انقلاب کی مخالف تھی اور دنیا کو مختلف جابر اور ظالم نظاموں نے اپنے پنجوں میں جکڑا ہوا تھا، وہاں اس انقلاب کا کامیاب ہونا معجزہ الہٰی سے کم نہیں تھا۔ علامہ سید مختار حسین جعفری نے اپنے خطاب میں امام خمینی کی زندگی کو اسوہ قرار دینے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی مظھر صفات ائمہ تھے لہذا ان کی اتباع ہمیں اہلبیت اطھارؑ سے قریب کر سکتی ہے۔

بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں شعبہ فارسی کے استاد حجۃ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر سید کوثر علی جعفری صاحب نے اپنے خطاب میں امام خمینی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی زندگی کو اسوہ حسنہ کے طور پر اختیار کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی کی ذات اس دور پر آشوب میں مشعل راہ ہے اور ہر شعبہ حیات سے منسلک انسان امام خمینی کے عملی کارناموں سے درس حاصل کر سکتا ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .