حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صوبۂ ہرمزگان ایران میں اسلامی تبلیغاتی مرکز کے سربراہ حجت الاسلام ایمانی نے عشرۂ امامت و کرامت کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عشرۂ امامت و ولایت عوام میں معارف علوی کی تبیین و ترویج کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غدیر کی ثقافت کو فروغ دینے کیلئے ہمیں مؤثر مواد کی ضرورت ہے جسے مختلف حقیقی اور مجازی (آنلائن) پروگرامز کی صورت میں پیش کرنا چاہیئے۔
ہرمزگان ایران میں اسلامی تبلیغاتی مرکز کے سربراہ نے کہا کہ اسلامی تبلیغاتی مرکز کے جدید طرزِ عمل کی بنیاد پر ثقافتی میدانوں میں مختلف سرگرمیوں کی انجام دہی کیلئے جوانوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیئے۔
حجت الاسلام ایمانی نے کہا کہ اسلامی تبلیغاتی کونسل کی ہدایات کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام اور صوبے کے انتظامی اور ثقافتی اداروں کا باہمی تعاون پروگراموں کو تقویت بخشے گا۔
انہوں نے کہا کہ 40 ثقافتی اور حکومتی ادارے اسلامی تبلیغاتی کونسل کے رکن ہیں کہ جن کی موجودگی عشرۂ امامت و ولایت میں اجراء ہونے والے پروگرامز میں نہایت اثر بخش ثابت ہو سکتی ہے۔
ہرمزگان اسلامی تبلیغاتی کونسل کے سربراہ نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ غدیر اور عشرۂ ولایت سے متعلق مواد کی نشر و اشاعت میں میڈیا کا کردار بہت واضح ہے۔
حجت الاسلام ایمانی نے کہا کہ سادات شہداء کی تکریم کرنا، روز عرفہ کی دعائیں منعقد کرنا، عید الاضحٰی کا جشن منعقد کرنا، خبروں کی کوریج، شہری فضا کو آمادہ کرنا، فری اسٹالز لگانا نیز پیدل مارچ بھی عشرۂ امامت و ولایت کے پروگرامز میں سے ہے۔