حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر حجۃ الاسلام سید ابراہیم رئیسی پیر کی صبح تین لاطینی امریکی ممالک کے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔
وینزویلا، نکاراگوا اور کیوبا کے لیے روانگی سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایرانی صدر سید ابراہیم ئیسی نے کہا کہ وہ جن ممالک کا دورہ کر رہے ہیں وہ یکطرفہ اور تسلط پسندی کے خلاف ایران کے ساتھ ایک جیسے خیالات رکھتے ہیں۔
صدر مملکت ایران نے کہا کہ ان ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات گزشتہ برسوں کے دوران مسلسل خوشگوار رہے ہیں کیونکہ اہم بین الاقوامی مسائل پر ان کے اور تہران کے خیالات مشترک ہیں۔
انہوں نے کہا: ان تینوں ممالک کے ساتھ ہمارا مشترکہ موقف یہ ہے کہ تسلط پسندی اور یکطرفہ پسندی کی مخالفت کی جائے، اس کے علاوہ ایران کئی شعبوں میں ان ممالک کے ساتھ تعاون کرتا ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ہم لاطینی امریکی ممالک کے ساتھ سیاست، توانائی، سائنس و ٹیکنالوجی، طب اور معیشت کے شعبوں میں تعاون کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کا یہ دورہ تینوں ممالک کے سربراہان مملکت کی دعوت پر ہو رہا ہے اور یہ کراکس، مناگوا اور ہوانا کے ساتھ تہران کے تعلقات کی ترقی میں ایک اہم موڑ ثابت ہو گا۔