۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
ایرانی اور انڈونیشین صدور کی مشترکہ پریس کانفرنس

حوزہ / صدر مملکت جمہوریہ اسلامی ایران حجت الاسلام والمسلمین سید ابراہیم رئیسی ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ منگل کی صبح انڈونیشیا پہنچ گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، صدر مملکت جمہوریہ اسلامی ایران حجت الاسلام والمسلمین سید ابراہیم رئیسی ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ منگل کی صبح انڈونیشیا پہنچ گئے۔ جمہوریہ اسلامی ایران کے صدر حجت الاسلام والمسلمین سید ابراہیم رئیسی کا جکارتہ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق صدر رئیسی نے اپنے انڈونیشین ہم منصب سے ملاقات اور گفتگو کی۔ دو طرفہ ملاقات کے بعد دونوں صدور نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بھی شرکت کی ۔

صدر مملکت جمہوریہ اسلامی ایران نے پریس کانفرنس میں کہا: دونوں ممالک نے باہمی تجارت کا حجم 20 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے باضابطہ اعلان کیا کہ لین دین کا یہ سلسلہ مقامی زرمبادلہ میں انجام پائے گا۔

انہوں نے کہا: شدید دباؤ اور ظالمانہ پابندیوں کے باوجود جمہوریہ اسلامی ایران نے اپنے نوجوان ماہرین کے بل بوتے پر سائنس وٹیکنالوجی اور معاشی ترقی کے میدان میں شاندار ترقی کی ہے اور عالمی پابندیاں اس ترقی کو روکنے میں ناکام رہی ہیں۔

ایرانی صدر نے اس پریس کانفرنس میں مسلمان، ہمسایہ اور ہم خیال ممالک کے ساتھ تعاون اور رابطے کو اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں قرار دیتے ہوئے کہا: ہم انڈونیشیا کے ساتھ تعلقات میں فروغ کے خواہاں ہیں جو کہ ایشیا کا ایک اہم ملک ہے۔

انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے بھی اپنے ایرانی ہم منصب کے خیالات کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایران اور انڈونیشیا کے درمیان تجارتی لین دین میں اضافے کی امید ظاہر کی اور کہا: ایران کے صدر کے دورہ جکارتہ سے سائنس، ٹیکنالوجی اور سائنسی تحقیقات کے میدان میں بھی تعاون کا راستہ ہموار ہوا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ دونوں ممالک کے صدور کی موجودگی میں ایران اور انڈونیشیا کے وزیروں اور اعلی عہدے داروں نے اقتصادی اور سیاسی موضوعات میں تعاون کے گیارہ دستاویزات اور سمجھوتوں پر بھی دستخط کئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .