۱۷ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۷ شوال ۱۴۴۵ | May 6, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ / چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کہا: پاکستان کی معاشی کشتی اس وقت سخت طوفان کی زد میں ہے اور اس بھنور سے نکالنے کا واحد راستہ بروقت اور شفاف الیکشنز ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا: پاکستان کی معاشی کشتی اس وقت سخت طوفان کی زد میں ہے۔ جس سے نکلنے کا واحد راستہ بروقت اور شفاف الیکشنز ہیں۔ ملک وقوم کی بہتری آئین وقانون کی بالادستی اور عملداری میں ہے۔

انہوں نے کہا: آئین کے تقدس کی پامالی بند کرنا ہو گی۔ عدل کا تقاضا ہے کہ کمزور اور طاقتور کے لیے قانون کا اطلاق مساوی ہو۔ حکومت اپنی غلط معاشی پالیسیوں سے ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیل چکی ہے۔ مہنگائی نے غریب عوام کا جینا دوبھر کردیا، افراط زر کی یہی صورتحال رہی تو ملکی معیشت سالہاسال بہتر نہیں ہو سکے گی۔

چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان نے کہا: پڑھے لکھے اور پروفیشنلز جوان وطن عزیز کا قیمتی ترین سرمایہ ہوتے ہیں جو بدقسمتی سے لاکھوں کی تعداد میں ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: معاشی صورتحال میں بہتری کے امکانات معدوم ہو چکے، اندرونی و بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں انویسٹمنٹ کرنے سے کترا رہے ہیں، مینوفیکچرنگ اشیاء اور پیٹرولیم مصنوعات کی مختلف کمپنیاں اپنا کاروبار سمیٹ رہی ہیں، دیگر معاشی ماہرین سمیت حکومت کے اپنے لوگ بھی اقتصادی پالیسیوں پر تنقید کر رہے ہیں لیکن ارباب اختیار ٹس سے مس نہیں ہو رہے، ان کو سوائے اپنے اقتدار کو طول دینے کے کسی چیز کی پرواہ نہیں ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .