حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مولانا ڈاکٹر سید محمد شبیب حسینی صاحب کی گرفتاری کے سلسلہ میں امسن فیض آباد کے عالم و مبلغ مولانا سید حسین مہدی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا اگر یہی صورتحال رہی تو آنے والے دنوں میں علماء نہ امر بالمعروف کر پائیں گے اور نہ ہی نہی عن المنکر اور نہ یہ کہہ سکیں گے کہ نماز پڑھنا واجب ہے اور جھوٹ بولنا حرام۔
انہوں نے کہا: تمام علماءکرام چاہے وہ ہمارے بزرگ ہوں یا برادر، ضروری ہے کہ سب متفق ہو کے مولانا شبیب حسینی کی رہائی کے لئے قانونی کوشش کریں اور اس کو سیاسی ایشو اور معاملہ نہ بنایا جائے اور یہ بات تو سبھی جانتے ہیں کہ ہندوستان میں کوئی شیعہ عالم فتویٰ دینے کا اختیار نہیں رکھتا، بلکہ سب ہی مراجع کرام کے فتاوی بیان کرتے ہیں، مولانا شبیب حسینی نے اسلامی قانون کو بیان کرتے ہوئے اپنا بیان دیا تھا اور بعد میں اس کی وضاحت بھی پیش کی تھی۔
مولانا سید حسین مہدی نے مزید کہا: ہمارا ماننا ہے کہ لوگ اس میں علاقائی رنجشیں اور خاندانی اختلافات کو بھول کر مولانا کی رہائی کے لئے قانونی کوشش کریں وگرنہ یکہ بعد دیگرے نوبت آئے گی اور کوئی ساتھ دینے والا کھڑا نہیں ہوگا، لہذا سب متحد ہو کے مولانا کا ساتھ دیں اور طاغوت کو اکھاڑ پھینکے، اگر سب نے مل کر قانونی کوشش کی تو ہمیں یقین ہے کہ مولانا شبیب حسینی جلد عدالت سے با عزت بری ہوں گے۔