حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس خبرگان رہبری کے سکریٹری آیت اللہ جنتی نے حرم حضرت شاہ چراغ (ع) پر دہشت گردانہ حملے کو سامراجی سازش کا حصہ قرار دیا ہے۔
آیت اللہ جنتی نے اس بارے میں کہا کہ ایرانی قوم کے خلاف اس طرح کے اقدامات سامراج کی پرانی تاریخ رہی ہے۔
انہوں نے 13 اگست کو شہر شیراز میں ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کی بڑی وجہ ایرانی قوم کی بالادستی کے خلاف بھرپور مزاحمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تسلط پسند ممالک بالخصوص امریکہ اپنی بالادستی برقرار رکھنے کے لیے ایسی سازشوں میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ 13 اگست 2023 کو شام کے وقت ایک مسلح تکفیری دہشت گرد شیراز میں حضرت احمد بن موسیٰ کے حرم میں داخل ہوا، اس نے وہاں داخل ہوتے ہی فائرنگ شروع کر دی، اس دہشت گردانہ حملے میں دو افراد شہید جب کہ آٹھ زخمی ہوئے تھے، سیکیورٹی فورسز کی ہوشیاری کے باعث حملہ آور دہشت گرد کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا۔