۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ سید محمد دہلوی ؒ

حوزہ / قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: علامہ سید محمد دہلوی مرحوم برصغیر کے خطیب اعظم اور بلند پایہ عالم دین اور بے بدل قائد تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد اول علامہ سید محمد دہلوی کی برسی کے موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: وطن عزیز کی تشکیل و تعمیر اور سا لمیت میں عوام نے علماءو اکابرین کی قیادت میں صبر آزما جدوجہد اور لازوال قربانیاں پیش کیں۔ جن میں علامہ سید محمد دہلوی مرحوم کی جدوجہد اور کاوشیں نمایاں حیثیت کی حامل ہیں یہی وجہ ہے کہ آج بھی ان کی گرانقدر خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

انہوں نے کہا: دور حاضر میں بھی پاکستان کے عوام بدترین دہشت گردی کا نشانہ بننے، نفرت و انتہاپسندی پر مبنی متعصبانہ قانون سازی اور جائز حقوق کے حصول میں رکاوٹوں کے باوجود ملکی سلامتی اور قومی وحدت کی خاطر صبر و تحمل سے کام لے رہی ہے مگر ذمہ داران صورتحال کی سنگینی کا ادراک نہیں کرپا رہے۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا: علامہ سید محمد دہلوی مرحوم برصغیر کے خطیب اعظم اور بلند پایہ عالم دین اور ایسے بے بدل قائد تھے جنہوں نے پرامن سیاسی اور جمہوری طرز احتجاج کی داغ بیل ڈالی اور اپنے مطالبات کو منطقی انداز میں پیش کیا اور پیرانہ سالی کے باوجود ملت کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔

انہوں نے مزید کہا: علامہ مرحوم نے اس مشکل دور میں کم وسائل کے باوجود مسلسل اور انتھک محنت سے قوم کو شعور اور اتحاد کی نعمت کا احساس دلایا۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا: عوام کے حقوق کے دفاع اور تحفظ کی خاطر علامہ سید محمد دہلوی، علامہ مفتی جعفر حسین اور علامہ عارف الحسینی شہید کی قیادت میں جو کارواں چلا تھا وہ آج بھی رواں دواں ہے اور باوجود بے شمار مسائل و مشکلات کے ہم ان قائدین کی فکر سے استفادہ کرتے ہوئے نہ صرف تشیع کے حقوق کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں بلکہ ملک میں اتحاد و وحدت کے فروغ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ترویج کے لئے ہمہ وقت مشغول ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .