حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ممبئی/ جمعیۃ علماء ہند کے معمر رہنما، الحاج گلزار احمد اعظمی نے کل صبح ساڑھے دس بجے مسینا اسپتال، بائیکلہ ،ممبئی میں آخری سانس لی، یہ خبر نہ صرف جمعیۃ علماء کے متعلقین پر بلکہ ملک کے تمام امن پسندوں پر بجلی بن کر گری۔
الحاج گلزار احمد اعظمی ؒایک ہفتے سے مسینا اسپتال میں داخل تھے، وہ گزشتہ اتوار کو جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے دفتر میں پھسل کر گر پڑے، جس سے ان کے سر کے پچھلے حصے میں شدید چوٹ آئی، ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں سر کا آپریشن بھی ہوا، لیکن موصوف ہوش میں نہیں آئے اور اسی حالت میں جان جاں آفریں کے حوالے کر دی۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے لئے دو مہینے کی مدت میں یہ دوہرا صدمہ ہے، 20 جون 2023 کو جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا مستقیم احسن اعظمی نے وفات پائی تھی،اور آج 20؍اگست 2023 کو الحاج گلزار احمد اعظمی صاحب بھی اپنے مالک حقیقی سے جاملے ۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر حافظ مسعود احمد حسامی جو ایک ہفتہ پہلے ہی ناگپور سے ممبئی آگئے اور الحاج گلزار احمد اعظمی ؒکے اعزہ و اقرباء کی تسلی اور دفتری نظام کی نگرانی میں لگ گئے، انھوں نے اس سانحہ کو صرف جمعیۃ علماء کا سانحہ نہیں بلکہ ملت کا حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس وقت یتیمی کی کیفیت محسوس کر رہے ہیں۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سیکرٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے گلزار احمد اعظمی کے بچوں اور خاندان کے افراد کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف آپ کا غم نہیں ہے بلکہ ہم سب اس میں برابر کے شریک ہیں۔
مفتی محمد اسماعیل قاسمی (رکن مجلس عاملہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر) نے کہا کہ جمعیۃ ایک نڈر، بیباک اور فعال قائد سے محروم ہو گئی ہے۔
مولانا محمد عارف عمری (رکن مجلس عاملہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر) نے کہا کہ الحاج گلزار احمد اعظمی جو ذمہ داریاں انجام دیتے تھے، بظاہر اس کا بدل کوئی نظر نہیں آرہا ہے، لیکن ہم اللہ کی ذات سے مایوس نہیں ہیں۔
جمعیۃ علماء ہند کے صدر محترم حضرت مولانا سید ارشد مدنی کو جیسے ہی اس سانحہ کی اطلاع ملی، صدر محترم جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا سید معصوم ثاقب کو ممبئی پہونچنے اور جنازہ و تدفین میں شریک ہونے کی تاکید فرمائی ۔الحاج گلزار احمد اعظمی کی انکے مکان کے پاس پیرو لین پٹھان واڑی،ممبئی میں نماز جنازہ ادا کی گئی اور مرین لائنس قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔