حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایرانی مسلح افواج کے ایئر ڈیفنس یونٹ کے ڈپٹی کمانڈر بریگیڈیئر علی رضا الہامی نے بتایا کہ دشمن کا کوئی بھی ڈرون یا طیارہ ایرانی سرحد میں دراندازی کرنے پر محفوظ نہیں رہے گا اور اسے یقینی طور پر مار گرایا جائے گا۔
بریگیڈیئر علی رضا الہامی نے تہران میں مسلح افواج کی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوج نے اپنی طاقت سے ملک میں دشمن کے ہر قسم کے طیاروں کی دراندازی اور دشمن کی کسی بھی شکل میں فضائی حدود میں دراندازی کے عمل کو ناممکن بنا دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ایئر ڈیفنس یونٹ کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ایران کی فوج اس وقت منفرد دفاعی طاقت سے مالا مال ہے اور اس کے پاس اتنی طاقت ہے کہ وہ ہوا، زمین یا سمندر میں دشمن کے ہر قسم کے حملوں کو پسپا کر سکتا ہے۔
ایرانی مسلح افواج کے ایئر ڈیفنس یونٹ کے ڈپٹی کمانڈر نے کہا کہ ملک کی مسلح افواج کی طاقت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ مستحکم ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی مسلح افواج کے پاس ضروری ٹیکنالوجی اور ضروری وسائل اور آلات موجود ہیں اور وہ ان آلات کی تیاری میں پوری طرح سرگرم ہیں۔