حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، فلسطینی تحریک مقاومت حماس کے ایک سینیئر رکن اسامہ حمدان نے جو مقاومتی گروہوں کے رہنماؤں سے ملاقات کے لیے بغداد کے سفر پر تھے، فلسطین کے لیے عراقی قوم اور حکومت کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا: آیت اللہ سیستانی کا موقف فلسطینی عوام کے مقاومت کے حق کی تائید و تاکید کرتا ہے۔
اسامہ حمدان نے المیادین چینل سے گفتگو میں اپنے دورہ عراق کے بارے میں کہا:ہمیں خوشی ہے کہ عراق طوفان الاقصیٰ جنگ میں فلسطینی کاز کے ساتھ کھڑا ہے اور تمام عراقی اپنے سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کے ساتھ فلسطین کی حمایت میں کھڑے ہیں۔
انہوں نے عراقی حکام اور اس ملک میں مقاومتی گروہوں کے رہنماؤں کے موقف کے بارے میں کہا: عراق میں شیعوں کے سب سے بڑے عالم دین و مرجع آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی اور ملک کے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے غاصب صہیونی دشمن کے خلاف مقاومت کے فلسطینی عوام کے حق پر زور دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ تحریک حماس کے سینیئر رہنما اسامہ حمدان نے گزشتہ روز بغداد کے دورے کے دوران عراق میں مقاومتی گروہوں کے متعدد رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔