حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، حرم امام رضا (ع) کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے کو آستان قدس رضوی کے اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن اور ایرانی فلسفہ مذہب علمی ایسوسی ایشن کے تعاون سے "الٰہیاتِ زیارت بین الاقوامی کانفرنس" کے موضوع پر منعقدہ پروگرام میں شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق اس کانفرنس میں مختلف ملکی اور غیر ملکی یونیورسٹیز اور علمی مراکز سے مختلف علمی شعبوں کے ممتاز محققین نے شرکت کی تھی۔
انہوں نے معاشرے میں علومِ انسانی اور علومِ دینی کے شعبوں میں تحقیق کو بروئے کار لانے اور اسے منتشر کرنے کی اہمیت پرتاکید کرتے ہوئے کہا: زیارت اور معنویت کے میدان میں انجام شدہ تحقیقات اور کانفرنسز کا نتیجہ صرف کتب خانوں کے لیے کتابیں جمع کرنے کی حد تک نہیں ہونا چاہیے بلکہ ان تحقیقوں کو معاشرے میں وسعت اور ترویج دی جانی چاہیے اور معاشرے کو موجودہ حالات سے مطلوبہ صورتحال کی طرف لے جانے میں مدد کرنی چاہئے۔
حرم امام رضا (ع) کے متولی نے کہا: معاشرے میں زیارت سمیت مختلف مذہبی موضوعات کے میدان میں تحقیق اور مختلف عقیدتی شبہات کے حل کے لئے اس کی ترویج انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے اس سلسلہ میں مزید کہا: پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنی ایک دعا میں فرماتے ہیں: "اللهمَّ اجعلني من زوّارك" یعنی "اے اللہ! مجھے اپنے زوار میں سے قرار دے"۔ یہ چیز معرفت، ایمان اور تربیت کے لحاظ سے زیارت کی اعلیٰ مقام کو ظاہر کرتی ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین مروی نے کہا: زیارت مختلف امور میں ہدایت اور رہنمائی کا کردار ادا کر سکتی ہے۔ کرونا وائرس کے دوران بہت سے مذہبی و سماجی ماہرین کرونا وائرس کے بعد زیارت کے مسئلہ پر توجہ کم ہو جانے جیسی تشویش کا اظہار کر رہے تھے لیکن تجربے سے ثابت ہوا کہ بعض افراد کے ان خیالات کے برعکس کرونا وائرس کے بعد زیارت ائمہ علیہم السلام میں نہ صرف کمی نہیں آئی بلکہ اس میں اضافہ بھی مشاہدہ کیا گیا۔