۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
یوم مادر، جامعہ اُم الکتاب کے زیراہتمام سالانہ خواتین کانفرنس کا انعقاد؛

حوزہ/ کانفرنس سے خطاب میں علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ ماں کا کردار اس وقت کار پیغمبری بنتا ہے جب ماں اپنی آغوش میں ایسی اولاد کی پرورش کرے جو معاشرے کی رَو میں بہنے اور اس کے فساد کے رنگ میں رنگنے کی بجائے ان راہوں پر چلے جن کا نشان انبیا کرامؑ اور آئمہ ہدیٰ علیہم السلام دے چکے ہیں اور خود ان راہوں کے راہی رہے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یوم ولادت با سعادت حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیھا، یوم تکریم مادر، یوم خواتین اور یوم تاسیس جامعہ ام الکتاب کی مناسبت سے سالانہ کانفرنس بعنوان غزہ کی خواتین کا فاطمی حماسہ جامعہ ام الکتاب میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت علامہ سید جواد نقوی نے کی۔ کانفرنس میں ملک بھر سے ممتاز علمی، دینی، سماجی و سیاسی شخصیات سمیت ہزاروں خواتین شریک ہوئیں۔ کانفرنس سے خطاب میں علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ ماں کا کردار اس وقت کار پیغمبری بنتا ہے جب ماں اپنی آغوش میں ایسی اولاد کی پرورش کرے جو معاشرے کی رَو میں بہنے اور اس کے فساد کے رنگ میں رنگنے کی بجائے ان راہوں پر چلے جن کا نشان انبیا کرامؑ اور آئمہ ہدیٰ علیہم السلام دے چکے ہیں اور خود ان راہوں کے راہی رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کی بنیادیں ان ماوں، بہنوں بیٹیوں نے تعمیر کی ہیں، جو اپنے بچوں کو ایسے پروان چڑھاتی ہیں کہ وہ تمام تر استبداد کے باوجود دشمن سے نبرد آزما رہتے ہیں۔ انہی بچوں نے پتھر ہاتھوں میں لیکر انتفادہ شروع کیا تھا، آج انہی پابرہنہ اور ستم دیدہ جوانوں نے طوفان الاقصی میں دشمن صہیونی قوتوں کا غرور اور سطوت اپنے لہو کے سیلاب میں بہا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ باعظمت، عاشورائی اور فاطمی خواتین اپنے گھر بارتباہ و برباد ہونے کے باوجود اپنی سرزمین کو چھوڑ کر بھاگنے کیلئے راضی نہیں اور بے سروسامانی کے باوجود استقامت کا استعارہ بنی ہوئی ہیں۔ غرہ کے بزرگوں، مردوں، جوانوں، بچوں اور خصوصا خواتین نے وہ حماسہ خلق کیا ہے جسے بلاشبہ فاطمی حماسہ کا نام دیا جاسکتا ہے۔

کانفرنس سے ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ثمینہ سعید، سیدہ وجیہہ زینب مشہدی، ڈاکٹر سیدہ حرا گیلانی، ڈاکٹر حمیرا طارق، بشریٰ ملک و دیگر نامور شخصیات نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ اس سال بروز ولادت با سعادت جناب سیدہ زہرا سلام الله علیہا پاکستانی زینبی خواتین اس عزم کا اظہار کررہی ہیں کہ ہم اس راہ کو جاری رکھیں گے اور اس راہ پر چلنے والوں کیساتھ کھڑے رہیں گے۔ سیدہ سلام اللہ علیہا کا روز ولادت با سعادت وہ دن ہے جسے یوم مادر سے منسوب کئے جانے کا حق بنتا ہے اور اس یوم مادر پر لازم ہے کہ ہم ان فلسطینی اور غزہ کی ماوں کو یاد رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کیساتھ اظہار یکجتی کریں جو اپنی سرزمین اور قبلہ اول کی آزادی کیلئے میدان جہاد میں سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں۔ اس یوم مادر پر ہمارا بھی فرض ہے کہ اس گھرانے کے نقش قدم پر چلنے والی ہر ماں کو سلام کریں جو آج بھی وقت کے یزیدوں سے نبرد کیلئے حسین صفت بیٹے اور زینب صفت بیٹیاں پال رہی ہے اور انہیں راہ خدا میں قربان کر رہی ہے۔ اس موقع جامعہ ام الکتاب کی طالبات نے بھی بارگاہ دخترِرسول میں اپنے منفرد انداز میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .