حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی حکام اور میڈیا نے بتایا ہے کہ نیو جرسی میں ایک مسجد کے امام کو نامعلوم افراد نے گولی مار کر قتل کر دیا ہے، نیوجرسی کی ایک مسجد کے امام حسن شریف کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا، نیو جرسی ریاست کے حکام نے پریس کانفرنس میں کہا کہ امام حسن شریف کا قتل دہشت گردانہ حملہ نہیں تھا۔
اسی طرح ان حکام نے کہا ہے کہ حسن شریف کو عقیدہ اور مذہب کی بنا پر قتل نہیں کیا گیا، امام حسن شریف کے جسم پر گولیوں کے متعدد زخم تھے اور ان کی لاش حضرت محمد نامی مسجد کے باہر سے ملی جسے ہسپتال منتقل کیا گیا ،لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
نیو جرسی کے اٹارنی جنرل نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب تک جمع کیے گئے شواہد سے یہ ظاہر نہیں ہوتا کہ یہ قتل دہشت گردی کی وجوہات کی بنا پر کیا گیا ہے، نیو جرسی کے گورنر فل مرفی نے کہا کہ میں مسلم کمیونٹی اور تمام مذاہب کے پیروکاروں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ میں تمام لوگوں بالخصوص عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے کوششیں کروں گا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ حملہ کے وقت امام نماز پڑھنے کی تیاری کر رہے تھے،حملہ آور ان کے قریب آیا اور فائرنگ کردی، یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ فائرنگ کے وقت مسجد کے اندر کوئی موجود تھا یا نہیں۔