حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعے پر گفتگو کی گئی اور اس افسوسناک واقعہ کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے تمام جماعتوں سمیت پوری قوم کو احتجاج میں شریک ہونے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا: پوری قوم یک زبان ہو کر شیطانی ذہنوں کو پیغام دے کہ ہم قرآن کریم یا اپنے مقدسات کی توہین برداشت نہیں کریں گے۔ جمعے کو ملک بھر میں سویڈن واقعے کی مذمت میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا: گمراہ ذہن اسلاموفوبیا کے منفی رجحان کو پھیلاکر مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، امن پسند، بقائے باہمی پر یقین رکھنے والی اقوام متشدد قوتوں کا راستہ روکیں۔ مذہب، مقدس ہستیوں ، عقائد اور نظریات کو نشانہ بنانے والے امن کیلئے خطرہ ہیں، پرامن اور بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھنے والی قوتیں ایسے واقعات کا تدارک کریں۔
انہوں نے کہا: قرآن کریم کی عزت وحرمت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ اس کے لئے ہم سب ایک ہیں۔ گمراہ ذہن اسلاموفوبیا کے منفی رجحان کو پھیلا کر مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔