۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
ملی یکجہتی کونسل پاکستان

حوزہ/ جے یو پی (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ مسلم ممالک کے سربراہان کی ذمہ داری ہے کہ توہین قرآن کے بڑھتے ہوئے واقعات پر مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیں اور اقوام متحدہ میں اس معاملہ کو اٹھائیں اور مقدسات کی توہین کے سلسلے کو فوری بند کرایا جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے سویڈن میں سرکاری سرپرستی میں قرآن پاک کا نسخہ نذر آتش کرنے کے واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سویڈن میں انتہاپسندوں نے عیدالاضحیٰ کی نماز کے وقت اسٹاک ہوم کی مرکزی مسجد کے باہر سرکاری سرپرستی میں قرآن پاک کو پھاڑ کر نذر آتش کرکے اسلام دشمنی کا واضح ثبوت دیا ہے، جس سے مغربی استعماری قوتوں کی مسلم دشمنی کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

اپنے مذمتی بیان میں صاحبزادہ زبیر نے کہا کہ مغربی استعماری قوتیں مسلمانوں کو انتہاپسند، بنیاد پرست اور دہشتگرد ثابت کرنے کیلئے خود مذہبی انتہاپسندی کا عملی مظاہرہ کر رہی ہیں، اقوام عالم کو مغرب کے اس طرز عمل کا فوری نوٹس لینا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے سربراہان کی ذمہ داری ہے کہ توہین قرآن کے بڑھتے ہوئے واقعات پر مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیں اور اقوام متحدہ میں اس معاملہ کو اٹھائیں اور مقدسات کی توہین کے سلسلے کو فوری بند کرایا جائے، OIC ہنگامی بنیادوں پر اس معاملہ پر لائحہ عمل ترتیب دے اور مغرب کے متعصبانہ طرز عمل کو رکوایا جائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .