۲۴ آذر ۱۴۰۳ |۱۲ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 14, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ/ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین نے ولادتِ حضرت علی علیہ السّلام کے موقع پر تہنیتی پیغام میں کہا کہ امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام ہمیشہ پیغمبر خدا صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم سے پیوستہ رہے اور آپؐ کے الٰہی و نورانی وجود سے کسب ِفیض حاصل کیا، ابو لآئمہ امام علی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کا دن درحقیقت انسانیت کی تاریخ میں ایک بے مثال شخصیت کی ولادت کا دن ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 13 رجب المرجب 23 قمری ہجری مولود کعبہ، شیر خدا، مولائے کائنات، جانشین پیغمبر اکرم ص، فاتح خیبر و خندق، امام المتقین، امیرالمومنین حضرت امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے پر مسرت موقع پر چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تمام عالم بشریت و عالم اسلام کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی ولادت کا دن تمام مسلمانوں، بلکہ تمام مظلوموں، عدالت پسندوں اور حریت پسندوں کے لیے عید کا دن ہے اور عظیم الشان عید کا دن ہونے کے ساتھ ساتھ درس کا دن بھی ہے، اس دن ہم امام المتقین امام علی علیہ السلام کی پاکیزہ ونورانی زندگی سے درس لیتے ہوئے یہ عہد کریں کہ ہماری زندگی راہ علی ع پر گزرے گی، علی ع کی پوری زندگی سیرت پیغبر ص کی آئینہ دار زندگی ہے، جس کا ایک ایک پل ویسے ہی گزرا جیسے ذات خدا کو مطلوب تھا، حضرت امام علی علیہ السلام کا عدل وانصاف تمام اقوام عالم، تہذیبوں اور حکومتوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، اگر قوموں میں عدالت و مساوات ناپید ہو جائے تو ترقی سے تنزلی کا سفر شروع ہو جاتا ہے، آپ کی برگزیدہ ہستی تمام انسانوں، معاشروں اور ثقافتوں کے لیے منبع رشدوہدایت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ علیہ السلام کی فداکاریاں اور قربانیاں اپنی بلندی اور عروج پر نظر آتی ہیں، امیرالمؤمنین نے اسلام، پیغمبرِ اکرم کی جان کی حفاظت اور اسلامی امت کے شرف اور عظمت کے لیے بے انتہاء قربانیاں دیں، ایسی قربانیاں جو انسانی طاقت سے بالاتر تھیں، اگر ہم اپنے وطن عزیز کو ترقی واستحکام کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں تو پھر حضرت علی علیہ السلام کی سیرت و کردار کو نمونۂ عمل بنانا ہو گا، حقیقی اسلامی فلاحی ریاست کے اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے عادلانہ نظام حکومت کا قیام ناگزیر ہے، ملک وملت کے وسیع تر مفاد میں صبر و تحمل اور حکمت و دانائی کے ساتھ فیصلے لینا وقت کی اشد ضرورت ہے اور یہی حضرت علی علیہ السلام، تمام آئمہ ع سمیت اصحاب رسول اکرم ص کی تعلیمات بھی ہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .