حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ سید باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان المبارک صبر و رضا اور ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے، تمام عالم اسلام کو ماہ مبارک رمضان ۵۴۴۱ ھ کی مبارکباد پیش کرتے ہیں، خالق کائنات نے امت محمدی پر روزے اس لئے فرض کئے کہ وہ متقی بن جائیں، ہم نے ایک دن اللہ کے حضور اپنے ہر عمل کا جواب دہ ہونا ہے لہذا اپنی زندگیوں کو اسلام کے حقیقی اصولوں کے مطابق ڈھالا جانا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں دوسروں کی جان و مال کے تحفظ، ظالمین سے دوری، ذخیرہ اندوزی کی مذمت اور مظلومین کی حمایت کا درس دیتا ہے، روزہ خود کو محض بھوکا یا پیاسا رکھنے کا نام نہیں بلکہ اپنے نفس کے محاسبے اور دوسروں کے احساس کا نام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں ایسے بھی کئی خاندان ہیں جن کے بچے مدتوں سے لاپتا ہیں، ان کے اہل خانہ ہر سال سحری و افطاری کے اوقات میں ان کی کمی کو شدت سے محسوس کرتے ہیں، حکومت وقت اور مقتدر اداروں سے ان جبری گمشدہ افراد کی بازیابی کامطالبہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو کرپشن مافیا، ذخیرہ اندوز اور مہنگائی مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرکے مہنگائی پر کسی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ رمضان المبارک میں ایک دوسرے کا زیادہ سے زیادہ خیال رکھا جائے اور اپنی عبادات میں وطن کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کے لیے زیادہ سے زیادہ دعائیں کی جائیں۔