۲۴ آذر ۱۴۰۳ |۱۲ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 14, 2024
عید الفطر

حوزہ/ ہر روزے دار کو مغفرت نہیں ملے گی بلکہ جن کے بدن کے ہر عضو نے روزے رکھے ہوں گے ان کو عید کے دن انعام الٰہی کے طور پر مغفرت کی سند ملے گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام مولانا ابن حسن املوی واعظ،ترجمان مجمع علماءوواعظین پوروانچل نے عید الفطر کی مناسبت سے کہا کہ بہت بہت مبارک ہو ان مومنین کو جنھوں نے ماہ مبارک رمضان میں اپنی بخشش و مغفرت کا سامان مہیا کرلیا۔کیوںکہ امام جعفر صادق علیہ السلام سے روایت ہے کہ جو شخص اس مبارک مہینہ میں نہیں بخشا گیا تو اگلے سال تک نہیں بخشا جائے گا مگر یہ کہ وہ عرفہ میں حاضر ہوجائے۔(کتاب مفاتیح الجنان شیخ عباس قمی ؒ صفحہ 165)

یاد رہے کہ ہر روزے دار کو مغفرت نہیں ملے گی بلکہ جن کے بدن کے ہر عضو نے روزے رکھے ہوں گے ان کو عید کے دن انعام الٰہی کے طور پر مغفرت کی سند ملے گی۔

حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام نے وصیت فرمائی ہے کہ ’’جب تو روزہ رکھ تو پھر تیرے کان،آنکھیں،بدن کے بال اور چمڑا اور دیگر تمام اعضاء کو بھی روزہ دار ہونا چاہیئے۔یعنی ان کو حرام چیزوں سے بلکہ مکروہ چیزوں سے بھی محفوظ رکھے ۔پھر فرمایا کہ روزہ صرف کھانے اور پینے سے نہیں بلکہ روزہ کی حالت میں اپنی زبانوں کو جھوٹ بولنے سے محفوظ رکھو ۔اور اپنی آنکھوں کو حرام سے روکے رکھو۔اور آپس میں لڑائی جھگڑا مت کرو اور کسی سے حسد نہ رکھو۔اور کسی کا گلہ نہ کرو۔اور جھوٹی قسم مت کھاؤ۔بلکہ سچی قسم بھی کھانے سے بچو۔گالیاں مت بکو۔ظلم نہ کرو۔جہالت کا مظاہرہ نہ کرو۔دل تنگ نہ ہو۔اللہ کی یاد اور نماز سے غافل نہ ہو۔ہر اس کلام سے کہ جسے نہیں کہنا چاہیئے ساکت و خاموش رہو۔صبر کرو۔سچے بنو۔برے لوگوں سے دور رہو ۔بری بات اور جھوٹ اور افترا ءپردازی ۔لوگوں سے جھگڑنا ۔غیبت وگلہ کرنا۔چغل خوری کرنا۔ان سب سے پرہیز کرو۔اپنے آپ کو آخرت کی طرف جانے کےقریب سمجھو اور قائم آل محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ظہور اورفرج کے منتظر رہو‘‘۔ (کتاب مفاتیح الجنان شیخ عباس قمی ؒ صفحہ 166)

غرض جن لوگوں نے اس شان سے ماہ مبارک رمضان کے روزے رکھے ہیں بیشک ان کے لئے عیدکا دن یوم مسرت و فرحت کے ساتھ ساتھ حصول رحمت و مغفرت اور تقسیم انعاماتِ الٰہی کاروز سعید بھی ہے۔امید کہ عید کے بعد بھی ان محرمات و منکرات و معاصی سے اپنے آپ کو محفوظ رکھیں گے جن سے مارمضان میںمحفوظ رکھا تھا۔

ان مختصر الفاظ کے ساتھ ہم مجمع علماءوواعظین پوروانچل کی جانب سے جملہ اہل اسلام و ایمان ،علمائے کرام و مراجع عظام خصوصاً حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی بارگاہ میں عید سعید فطر کی پر خلوص مبارکباد پیش کرتے ہیں۔اور آپ کے جلد ظہور پرنور کی دعا کرتے ہیں کیونکہ حقیقی عید تو تب ہی ہوگی جبولی عصر امام مہدی علیہ السلام کا ظہور پرنور ہوگا۔ فقط والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

عقیدت کیش

حجۃ الاسلام مولانا ابن حسن املوی واعظ

ترجمان مجمع علماءوواعظین پوروانچل

تبصرہ ارسال

You are replying to: .