حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے چلاس کے قریب بس حادثہ میں 20 سے زائد قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کو المناک سانحہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کی حکومت زخمیوں کو بہترین اور مطلوبہ طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ راولپنڈی اور گلگت بلتستان کے درمیان ہر سال ٹریفک حادثات کے متعدد واقعات رونما ہوتے ہیں جن کی بنیادی وجہ مرکزی شاہراہ اور گاڑیوں کی غیر تسلی بخش حالت ہے، زمہ دار اداروں کی عدم توجہی اور چشم پوشی ایسے دل سوز واقعات کی بنیاد اور وجہ بنتی ہے، ان مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر خاتمہ بے حد ضروری ہے، تاکہ آئندہ ان جان لیوا واقعات سے عوام کو محفوظ رکھا جا سکے۔
واضح رہے مسافر بس راولپنڈی سے گلگت جا رہی تھی، تاہم بدقسمت بس چلاس کے مقام پر حادثہ کا شکار ہوئی، حادثہ کے نتیجے میں 20 سے زائد مسافرین جان کی بازی ہار گئے ہیں اور بتایا جاتا ہے کہ مسافروں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔