۲۱ آذر ۱۴۰۳ |۹ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 11, 2024
آئی ایس او

حوزہ/ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن جامعہ کراچی کی جانب سے مظلومین فلسطین کی حمایت اور امریکی طلباء کے اسرائیل مخالف احتجاجات پر کئے گئے بدترین کریک ڈاؤن کیخلاف پوائنٹ ٹرمنل تا فارمیسی ڈپارٹمنٹ جامعہ کراچی، یکجہتی فلسطین مارچ کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن جامعہ کراچی کی جانب سے مظلومین فلسطین کی حمایت اور امریکی طلباء کے اسرائیل مخالف احتجاجات پر کئے گئے بدترین کریک ڈاؤن کیخلاف پوائنٹ ٹرمنل تا فارمیسی ڈپارٹمنٹ جامعہ کراچی، یکجہتی فلسطین مارچ کا انعقاد کیا گیا۔

مارچ میں طلباء پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے، جس پر امریکی طلباء کے اسرائیل مخالف احتجاج کے حق میں نعرے درج تھے۔

آزادی اظہارِ رائے ہر طالب علم کا بنیادی حق ہے، صدر آئی ایس او جامعہ کراچی یونٹ

اس موقع پر طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے آئی ایس او رہنماوں کا کہنا تھا کہ امریکی اور یورپی حکومتیں عالمی سامراج کے خلاف طلباء کی اٹھتی آوازوں کو نہیں دبا سکتیں،آج معاشرے میں ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والا انسان فلسطین پر جاری امریکی حمایت یافتہ اسرائیلی جارحیت کیخلاف سراپا احتجاج ہے۔

مقررین نے کہا کہ آزادی اظہارِ رائے ہر طالب علم کا بنیادی حق ہے امریکی طلباء کے فلسطین کی حمایت اور اسرائیل مخالف مظاہروں پر امریکی حکومت کے بدترین کریک ڈاؤن نے ان کی بوکھلاہٹ کو اور واضح کردیا ہے، امریکہ کی حمایت سے غزہ پر ہونے والی اسرائیلی بمباری نے دنیا بھر میں بسنے والے انسانوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور امریکی حکومت کا مکروہ چہرہ بھی دنیا کے سامنے آشکار کردیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی تاریخ نے آج خود ثابت کردیا ہے کہ امریکہ دنیا کے امن کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے، ہیرو شیما اور ناگا ساکی پر ایٹمی تباہ کاریوں سے لیکر فلسطین، ایران، عراق، شام اور یمن میں امریکہ نے جو انسانیت سوز مظالم ڈھائے ہیں وہ ناقابل بیان ہیں اور آج دنیا ایک بار پھر امریکی جرائم کا مشاہدہ فلسطین اور اب خود امریکہ کے اندر طلباء کے احتجاجات پر کئے گئے بدترین حکومتی کریک ڈاؤن کے ذریعے کر رہی ہے۔

آئی ایس آئی رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ ہم آج اس طلباء کے عظیم الشان یکجہتی فلسطین مارچ کے ذریعے مظلومین غزہ اور دنیا بھر کے طلباء کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستانی طلباء آپ کے ساتھ ہیں اور ان انسانیت دشمن قوتوں کیخلاف سراپا احتجاج ہیں اور مل کر یہ عزم کرتے ہیں کہ فلسطین کی آزادی تک اپنی اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین اب فقط عالم اسلام کا مسئلہ نہیں، بلکہ آج یورپ، برطانیہ اور امریکہ میں جاری فلسطین کے حمایتی مظاہروں نے یہ ثابت کردیا ہے کہ یہ مسئلہ عالم انسانیت کا مسئلہ ہے اور اس کا واحد حل قابض صہیونی آباد کاروں کو ان کے آبائی وطنوں کی جانب واپس بھیج کر فقط ایک فلسطین نامی ریاست کا قیام ہے۔

مقررین نے امریکی طلباء کی جانب سے فلسطین کے حق میں منعقد ہونے والے احتجاجات کی مکمل حمایت اور ان مظاہروں پر اسرائیلی ایماء پر کئے گئے بدترین کریک ڈاؤن کی مذمت بھی کی۔

مقررین میں انچارج برائے پروفیشنل ادارہ جات آئی ایس او کراچی ڈویژن علی ثقلین، صدر آئی ایس او جامعہ کراچی یونٹ مشرف علی، جنرل سیکرٹری فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر صابر ابو مریم، سماجی رہنماء و سابق صدر آئی ایس او جامعہ کراچی یونٹ احسن مہدی سمیت مختلف طلباء تنظیموں کے رہنماء شامل تھے۔

مارچ میں طلباء اور اساتذہ سمیت جامعہ سے تعلق رکھنے والے نان ٹیچنگ اسٹاف نے بھی بھرپور تعداد میں شرکت کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .