حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، ایران کے شہر خرم آباد کے امام جمعہ حجت الاسلام والمسلمین شاہرخی نے آیت اللہ رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کے موقع پر مسجد امام صادق (ع) قم میں صوبہ لرستان کے طلباء اور فضلاء کے ساتھ منعقدہ مجلس میں خطاب کرتے ہوئے کہا: ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کے حادثے کی خبر سننے کے بعد صوبہ لرستان میں ان کی صحت و سلامتی کے لئے دعا و استغفار کی نشستیں منعقد ہوئیں اور ان کی شہادت کی خبر کے بعد غم زدہ لوگ خرم آباد کی مسجد الغدیر میں پہنچے۔ خرم آباد کی مسجد کی طرح صوبے کے دیگر شہروں کی مساجد بھی سوگواروں سے بھری ہوئی تھی۔
انہوں نے سورہ توبہ کی آیت نمبر 119 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ہر مسلمان کی خواہش اسلامی تعلیمات اور معارفِ دینی سے لبریز معاشرہ کی تشکیل ہے۔ ایسا معاشرہ جس میں اسلامی طرز زندگی سے بھرپور ترقی و پیشرفت، عدالت، روحانیت، اخلاق اور اسلامی نظم و نسق قائم ہو۔
خرم آباد کے امام جمعہ نے کہا: اسلامی طرز زندگی پر حکومت کرنے والے بنیادی اصولوں میں سے ایک ایمانداری ہے اور ایماندار شخص ہی اس اصول کو نافذ کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: شہید صدر کی بنیادی خصوصیت ان کی صداقت اور دیانتداری تھی۔ ان شہداء کی شہادت سے انقلاب اسلامی کے مضبوط درخت کو سیراب کیا گیا اور ان شاءاللہ یہ نظام اسلامی اپنی پوری طاقت کے ساتھ اپنے راستے پر گامزن رہے گا۔