حوزہ نیوز ایجنسی رپورٹ کے مطابق، غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس علاقے میں نئے حملے کئے ہیں جس سے متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت نے آج سہ پہر اس بارے میں ایک بیان شائع کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں مزید 4 قتل عام کئے ہیں، اس بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کے حملوں میں کم از کم 60 فلسطینی شہید اور 220 زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی شہداء کی تعداد 36 ہزار 439 اور زخمیوں کی تعداد 82 ہزار 627 ہو گئی ہے، اس بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شہداء کی ایک بڑی تعداد اب بھی ملبے تلے دبی ہے۔
یہ بیان اس وقت شائع ہوا جب غزہ میں طبی عملے نے میڈیا کو بتایا کہ غزہ کے شمال میں واقع جبالیا کیمپ سے کم از کم 120 فلسطینی شہداء کی لاشیں نکالی گئی ہیں، گذشتہ جمعے کو جبالیا کیمپ سے پیچھے ہٹنے والی اسرائیلی فوج نے اس علاقے کا 20 دن تک محاصرہ کر رکھا تھا۔
اس ظالم حکومت کی فوج نے غزہ میں طبی سہولیات، تعلیمی سہولیات اور عبادت گاہوں سمیت بہت سے اہم مقامات کو تباہ کر دیا ہے، غزہ کے لوگ اسرائیلی فوج کے محاصرے میں ہیں اور انہیں ادویات اور خوراک کی اشد ضرورت ہے، اسرائیلی فوج بڑی مشکل سے انسانی امداد والے ٹرکوں کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دیتی ہے اور یہ ٹرک سخت معائنہ کے بعد ہی غزہ میں داخل ہوتے ہیں۔