حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کاونٹر ٹیرررزم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) پاکستان نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 152 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 22 دہشت گرد گرفتار کر لیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، 3 ہینڈ گرنیڈ ، 8 ڈیٹونیٹر ،32 فٹ حفاظتی فیوز وائر، ایک آئی ای ڈی بم، پرائما کارڈ، موبائل فون اور نقدی برآمد کرلی گئی۔
کارروائی کے دوران ٹی ٹی پی کے 2 جبکہ اٹک سے 1 خطرناک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا۔
دہشت گردوں کی شناخت عبداللہ ، حمید اللہ، کمال خان ، اللہ دتہ، ندیم ، منظر ، معظم ، رمضان ،فیروز خان ،شعیب ، یاسر وغیرہ کے نام سے ہوئی ہے، دہشت گرد مختلف مقامات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق، دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں لاہور، مظفرگڑھ ،اٹک ، ننکانہ صاحب ، بہاول نگر، بہاولپور ، ڈی جی خان ، لودھراں، گوجرانوالہ ، شیخوپورہ ، چکوال ، ملتان اور فیصل آباد میں کی گئی ہیں۔
پاکستانی سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق، رواں ہفتے میں 743 کومبنگ آپریشنز کے دوران 104 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے ہیں، جبکہ کومبنگ آپریشنز میں 27062 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) پنجاب نے مختلف شہروں میں 180 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران ٹی ٹی پی کے خطرناک دہشتگرد سمیت 15 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا تھا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں لاہور، راولپنڈی ، سرگودھا ، گوجرانوالہ ، ملتان، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، مظفرگڑھ، اٹک ، میانوالی، فیصل آباد اور چنیوٹ میں کی گئیں تھیں۔
اس دوران میانوالی سے جنوبی وزیرستان سے تربیت یافتہ ٹی ٹی پی کا خطرناک دہشت گرد بھی گرفتار کرلیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق پنجاب دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، دھماکہ خیز جیکٹ ، 18 ڈیٹونیٹر ، 47 فٹ حفاظتی فیوز وائر ، ایک آئی ای ڈی بم ، ایک پرائما کارڈ، موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی گئی تھی۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی شناخت حافظ عبدالمالک، نور رحیم ، نور الامین ، عزیز ، ریاض ، اکرام خان ، اعجاز ، عبدالوہاب ، یار گل ، علی شاہ وغیرہ کے نام سے ہوئی تھی۔
یاد رہے ہشت گرد عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کیلئے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔