حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پشاور پاکستان میں محرم الحرام کے حوالے سے پیام رسانان کربلا کی ذمہ داریاں کے عنوان سے منعقدہ سالانہ استقبال محرم الحرام صوبائی کانفرنس میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے شرکت اور خطاب کیا۔
صوبائی کانفرنس میں صوبہ بھر سے بلا تفریق جید علمائے کرام نے شرکت کرکے امن، محبت، بھائی چارے مذہبی اور رواداری سے محرم الحرام کے مقدس ایام میں نواسہ رسول کی اس عظیم قربانی کو عقیدت و احترام سے منانا کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ حسین نواسہ رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کسی مخصوص مسالک و گروہ کے محسن اور امام نہیں، بلکہ انسانیت کے محسن ہیں۔ آپ کی اس عظیم قربانی سے ہم آج مسلمان ہیں اور اسلام باقی ہے۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ محرم الحرام کی حرمت سے کونسا مسلمان واقف نہیں اور نواسہ رسول کا اسلام اور حرمت اسلام کے لئے قیام روز روشن کی طرح عیاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شیعہ سنی اسلام کے دو بازو ہیں۔ اسلام دشمن طاقتوں نے کثیر سرمایہ لگا کر دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کی اور وہ اپنی سازشوں میں ناکام ہوئے۔ سازشوں کو ناکام بنانے کا سہرا تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام کے سر جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملت تشیع کا برملا اعلان ہے کہ صحابہ کرام اور اہل بیت علیہم السّلام کی توہین حرام ہے، لیکن فروعی اختلاف ہیں۔ ہم دیگر مکاتب فکر کے علمائے کرام اور عوام کو مجالس عزا میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں اور خوش آمدید کہتے ہیں۔آئیں براہ راست سنیں اور دیکھیں غلط فہمیوں کو دور کریں۔۔مجالس و جلوس کے منتظمین سے اپیل کرتے ہیں کہ اہل سنت برادران کی عبادت گاہوں کا احترام کرتے ہوئے نماز اور اذان کے وقت جلد گزرنا چاہیے اور انکی عبادت میں خلل پیدا نہ ہو یہی مقصد اور پیغام محرم ہے۔
شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر نے کہا کہ یہ سیکورٹی کے نام پر راستوں کی بندش نہ شیعہ نہ اہل سنت برادران کی وجہ سے ہے، بلکہ چند تکفیری شر پسند عناصر کی وجہ سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بھی امن و امان کو بہتر کے ساتھ ساتھ اپنی آئینی زمہ داریوں پر توجہ دے اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کرکے مملکت خدا داد پاکستان سے تکفیری ٹولہ کا خاتمہ کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تکفیری ٹولہ کےلئے ہمارا واضح پیغام ہے کہ مشن حسین اور عزاداری سید الشہداء کےلئے ہماری تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں مشن حسینی، فکر حسینی اور ذکر حسینی سے قیامت تک ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا سکتے۔
استقبال محرم کانفرنس میں صوبہ بھر سے علمائے کرام، ذاکرین عظام، انجمن کے متولیان اور عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔