حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ/ خبر رساں ذرائع نے شب عاشور عمان کے دارالحکومت مسقط کے اطراف میں عزاداروں پر مسلح حملے کی اطلاع دی ہے جس کے دوران متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق عمانی پولیس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اس مسلح حملے کی تصدیق کی ہے اور اعلان کیا ہے کہ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق عزاداروں پر فائرنگ کے دوران 4 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
مذکورہ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام حفاظتی اقدامات کر لیے گئے ہیں اور اضافی اقدامات اور ضروری تحقیقات کی جائیں گی۔
دوسری جانب کچھ سوشل میڈیا صارفین نے اس مسلح حملے کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شائع کیں، ان صارفین کے مطابق جب شرپسندوں نے ان پر حملہ کیا تو اس وقت 700 سے زائد عزادار حسینیہ میں موجود تھے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
کچھ صارفین نے بعض عزاداروں کی شہادت اور زخمی ہونے کی بھی اطلاع دی ہے، اس مسلح حملے کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
بعض مقامی ذرائع نے بتایا کہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید عباس باقری نے مجلس کو خطاب کیا جس کے بعد نوحہ خوانی کا سلسلہ شروع ہوا، دوسرا نوحہ جاری تھا کہ اسی دوران فائرنگ شروع ہوئی اور یہ فائرنگ مسلسل 30 منٹ تک جاری رہی۔