۲۲ شهریور ۱۴۰۳ |۸ ربیع‌الاول ۱۴۴۶ | Sep 12, 2024
کانفرنس

حوزہ/ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سخاوت حسین سندرالوی نے کہا کہ اس سال بھی اربعین کے موقع پر چار کروڑ زائرین لبیک یاحسین کی آواز بلند کریں گے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ممبئی/ایس این این چینل کی جانب سے امام حسین علیہ السلام اور انسانیت کے موضوع پر زوم کے ذریعے ایک انٹرنیشنل کانفرنس منعقد ہوئی ۔ یہ کانفرنس علامہ ڈاکٹر سخاوت حسین کی صدارت میں برگزار کی گئی ۔

علامہ ڈاکٹر سخاوت حسین نے اپنی صدارتی تقریر میں نواسہ رسول ص کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ امام حسین علیہ السلام صرف مسلمانوں اور شیعوں کے امام نہیں ہیں بلکہ آپ اقلیم قلب انسانیت کے شہنشاہ ہیں اس لیے آپ کے چاہنے والے اربعین کے موقع پر کربلا میں ہر مذہب کے نظر آتے ہیں ۔

یورپ کے ملک ناروے میں مقیم مولانا سید شمشاد حسین اترولوی نے امام عالی مقام کے فضائل بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ امام حسین علیہ السلام نے فرمایا تھا کہ امام وہ ہوتا ہے جو کتاب خدا پر عمل کرتا ہے اور نظام عدل قائم کرتا ہے ۔ امام حسین علیہ السلام نے اپنے قیام کا مقصد امر بالمعروف و نہی عن المنکر بتایا اور یہ دونوں چیزیں کسی مذہب و مسلک سے مخصوص نہیں کی جا سکتی ہیں اس لیے یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ امام کا قیام انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے تھا ۔

شہر بنگلورو سے مولانا سید محمد ابراہیم نے اپنی دلکش تقریر میں فرمایا کہ امام حسین علیہ السلام اور آپ کے والد بزرگوار نے ہمیشہ ظالم کی مخالفت کی اور مظلوم کی حمایت کی ۔ جب امام حسین کے والد بزرگوار کے لشکر پر آپ کے دشمن نے پانی بند کر دیا تو لشکر علی ع نے زبردست حملہ کر کے پانی پر قبضہ کر لیا لیکن پانی پر قبضہ کرنے کے بعد اس لشکر الٰہی نے اپنے دشمن پر پانی بند نہیں کیا ۔ اسی طرح امام حسین علیہ السلام نے کربلا و کوفہ کے قریب دشمن کو پانی پلا کر یہ پیغام دیا کہ ہم انسانیت کے سچے علمبردار ہیں ۔

ادی پور راجستھان سے امام جمعہ و جماعت عالی جناب مولانا فیروز مرزا نے اپنی جامع تقریر میں فرمایا کہ انسان فطرتاً آزادی خواہ ہے اور اس آزادی کو زندگی دینے والی شخصیت کو حسین کہتے ہیں ۔ مولانا موصوف نے پاراچنار میں چند درندوں کے ذریعے بندگان خدا پر ہونے والے انسانیت کو شرمسار کرنے والے ظلم و تشدد کی شدت سے مذمت کی ۔

امریکہ سے مولانا سید نفیس حیدر تقوی نے اپنی نہایت ہی نفیس تقریر میں عزاداروں کی عظمت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ عزاداری ایک ایسا عمل ہے کہ اس میں ہر ایک میزبان بننا پسند کرتا ہے اور یہ سچائی ہے کہ امام حسین علیہ السلام کا زائر جب حرم میں نماز پڑھتا ہے تو وہ پوری نماز پڑھ کر یہ اعلان کرتا ہے کہ ہم میہمان کی حیثیت سے نہیں بلکہ میزبان کی حیثیت سے اپنے امام کی خدمت میں حاضری دے رہے ہیں ۔

شہر پونا مہاراشٹرا سے مولانا اسلم رضوی نے آسمان ولایت و امامت کے تیسرے اختر تابناک کی بارگاہ ملکوتی میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ امام حسین علیہ السلام نے اپنے عمل سے صبح قیامت تک آنے والے انسانوں کو یہ پیغام دیا کہ ہمیشہ مظلوموں کی حمایت کرنا اور ظالموں کی مخالفت کرنا اور آپ کے پیروکار آج بھی امام کے اس پیغام الٰہی پر عمل کر رہے ہیں اور ظالموں کے خلاف بر سر پیکار ہیں اور دنیا والوں کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ انسانیت کی سچی حمایت وہی کر سکتا ہے جس نے پیغام حسین کو صحیح معنوں میں سمجھ لیا ہے ۔

حسب معمول اس بین الاقوامی کانفرنس کی نظامت ایس این این چینل کے ایڈیٹر ان چیف مولانا علی عباس وفا نے کی ۔

جناب ارشد صاحب نے اس کانفرنس کو ایس این این چینل کے ذریعے پوری دنیا میں لائیو نشر کرنے میں مکمل تعاون کیا ۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .