حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 9ربیع الاول آغاز امامت امام عصرِ حضرت امام مہدی علیہ السلام ”روز تجدیدِ بیعت با امام زمان“ کے عنوان سے مرکز تعلیم و تربیت آل محمد جامعۃ النجف سکردو میں ایک پرشکوہ جشن منعقد ہوا، اس عظیم الشان جشن کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کا شرف مدرسہ ہذا کے گروہ قاریان نے حاصل کیا جبکہ طالب علم رضوان علی نے بارگاہِ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔
مولانا حسن بشیر سلطانی نے اپنی تقریر میں کہا کہ امام مہدی علیہ السلام کو ہماری بیعت کی ضرورت نہیں، بلکہ ہمیں اپنی نجات اور ہدایت کے لیے امام زمان علیہ السلام سے تجدیدِ بیعت کرنے کی ضرورت ہے۔
مدرسہ ہذا کے استاد محترم شیخ غلام محمد ملکوتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ امام زمان علیہ السلام کے منتظرین کو اعتقادی اعتبار سے راسخ العقیدہ ہونا چاہیے۔ تمام مسلمانوں کے مابین مسلم حدیث میں ہے کہ وہ شخص جو اپنے وقت کے امام کی معرفت حاصل کیے بنا اس دنیا سے چلا جاتا ہے وہ جہالت کی موت مرتا ہے۔ اسی طرح پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی حدیث ہے کہ میری امت کا بہترین عمل اپنے وقت کے امام کے انتظار میں رہنا ہے۔
آغا سید محمد علی شاہ الحسینی نے اپنے زریں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں انفرادی اور اجتماعی اعتبار سے حقیقی معنوں میں امام مہدی علیہ السلام کے منتظرین میں سے ہونا چاہیے، اگر ہم کسی مہمان کی آمد کے لیے اس کے منتظر ہیں تو ہم ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں رہتے، بلکہ اس مہمان کی آمد کے لیے مکمل تیاری کر لیتے ہیں، بالکل اسی طرح اگر ہم اپنے وقت کے امام کے ظہور کے منتظر ہیں تو ہمیں ان کی آمد کی راہ میں موجود کانٹوں اور رکاوٹوں کو ہٹانا ہوگا۔ حقیقت میں وہ کانٹے اور رکاوٹیں ہمارے گناہ ہیں۔ شیخ نصیر الدین طوسی فرماتے ہیں: امام مہدی علیہ السلام کا وجود ذی جود بندگان الٰہی پر خدا کا ایک بہت بڑا لطف ہے۔ ان کا ظاہر ہوکے دنیا میں عدل و انصاف پر مبنی الٰہی نظام کو حاکم کرنا اللہ تعالیٰ کا ایک اور لطف و کرم ہے، جبکہ ان کا ہمارے نظروں سے اوجھل غیب کے پردے میں ہونا ہمارے گناہوں کے باعث ہے۔ آج ہمارے جوانوں کو اپنے کردار سے یہ ثابت کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم امام زمانہ علیہ السلام کے سچے منتظرین میں سے ہیں۔ احادیث کی رو سے ہمارا نامہ اعمال ہفتے میں ایک بار غیب کے پردے میں تشریف فرما ہمارے امام کی خدمت میں پیش ہوتے ہیں، لہٰذا ہمارے ہاتھوں ایسے گناہ انجام نہ پائیں جن کے باعث ہم اپنے امام سے شرمندہ ہوں۔
اس بابرکت پروگرام کا اختتام دعائے امام زمانہ علیہ السلام سے ہوا، جس کا شرف محمد عباس بسیجی نے حاصل کیا۔
پروگرام کی نظامت کے فرائض مولانا حسن بشیر سلطانی نے سر انجام دئیے۔