۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ / مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ نے کہا: عید میلاد النبی (ص) کے ایام جنہیں فقہاء نے ہفتہ وحدت قرار دیا ہے، ان ایام میں تفرقے کی صدا شیطانی آواز ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ہفتہ وحدت اور شیعہ سنی اتحاد و وحدت پر تاکید کرتے ہوئے کہا: عید میلاد النبی (ص) کے ایام جنہیں فقہاء نے ہفتہ وحدت قرار دیا ہے، ان ایام میں تفرقے کی صدا شیطانی آواز ہے۔ میں اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا: اہل سنت ہمارے بھائی، ہماری جان ہیں۔ یہ ہمارے مجتہدین عظام کا فتوی ہے۔

ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ نے کہا: اہل تشیع کے ہاں کسی کی تکفیر گناہ اور حرام ہے۔ پاراچنار میں ابھی کچھ عرصہ پہلے کتنے بے گناہوں کو مار دیا گیا۔ دوبارہ نیا فتنہ کھڑا کرنے کی کوشش کیوں کی جا رہی ہے۔ یہ جلتی پر تیل ڈالنے والے کون ہیں؟۔

انہوں نے مزید کہا: ضلع کرم اور پاراچنار کے عمائدین کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ان فتنہ گروں کو لگام دیں اور ایسے لوگوں سے اعلان برائت کریں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا: دشمن تکفیری ٹولے پالتا ہے اور ہمیں آپس میں لڑانا چاہتا ہے۔ وہ ہماری عبادت گاہوں میں بدامنی چاہتا ہے۔ ضلع کرم اور پاراچنار کے عوام صاحبان عقل و فہم اور بابصیرت ہیں، وہ ان افراد اور ان کی مذموم سازشوں کا راستہ روکیں گے، ان شاءاللہ۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .