۱۳ آذر ۱۴۰۳ |۱ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 3, 2024
مارویلس پبلک اسکول مبارکپور میں توحید المسلمین ٹرسٹ لکھنؤ کے زیرِ اہتمام چیمپس ۲۰۲۴ء امتحان میں کامیاب طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریب اعزاز کا انعقاد

حوزہ/ مارویلس پبلک اسکول مبارکپور میں توحید المسلمین ٹرسٹ لکھنؤ کے ما تحت چیمپس ۲۰۲۴ء امتحان میں کامیاب طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کی غرض سے تقریب اعزاز کا انعقاد.

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،املو مبارکپور،اعظم گڑھ/علم کی ضرورت و اہمیت سے کسی کو انکار نہیں ہے۔ مگر اسلام نے جس انداز واہتمام کے ساتھ حصول علم کی تاکید و ترغیب دلائی ہے کسی اور مذہب نے نہیں کی ہے۔حدیث میں ہے کہ ۔طلب’ العلمِ فریضۃ علی کل مسلم و مسلمہ۔یعنی علم حاصل کرنا ہر مسلمان مردوعورت پر فرض ہے۔ قرآن مجید کی پہلی آیت جو نازل ہوئی وہ ’’اقرأ‘‘ یعنی پڑھو۔

تصاویر دیکھیں:

مارویلس پبلک اسکول مبارکپور میں توحید المسلمین ٹرسٹ لکھنؤ کے زیرِ اہتمام چیمپس ۲۰۲۴ء امتحان میں کامیاب طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریب اعزاز کا انعقاد

اور پھر قرآن مجید واحد وہ کتاب ہے جو کسی ایک موضوع یا مضمون پر محدود نہیں ہے بلکہ قرآن کا اعلان ہے لا رطب ولا یابس الا فی کتاب مبین ۔یعنی ہر خشک و تر کا علم اس روشن کتاب میں موجود ہے ۔تو پھر ہم آپ یا کسی کو کیا حق ہے کہ کسی خاص علم کے حصول کی تبلیغ کرے۔اسلام دنیا و آخرت دونوں جہان کی کامیابی کی نصیحت کرتا ہے تو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیوی تعلیم بھی ضروری ہے۔واضح رہے کہ علم حاصل کرنا فرض بھی ہے اور عبادت بھی۔

لہٰذا جو بھی علم آپ چاہیں حاصل کریں مگر دین پہلے پیش نظر اور مقدم رہے۔اگر ڈاکٹر بنیں تو مسلمان ڈاکٹر بنیں ،اگر انجینیئر بنیں تو مسلمان انجینیئر بنیں،اگر سائنسداںبنیں تو مسلمان سائنسداں بنیں، اگر سیاستدان بنیں تو مسلمان سیاستدان بنیں ،اگر تاجر بنیں تو مسلمان تاجر بنیں،اگر کاشتکار بنیں تو مسلمان کاشتکار بنیں۔غرض کہ دین و مذہب کی شناخت اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔

ان خیالات کا اظہار حجۃ الاسلام مولانا ابن حسن املوی واعظ بانی وسرپرست حسن اسلامک ریسرچ سینٹر املو مبارکپور نے بتاریخ ۱۰؍اکتوبر بروز پنجشنبہ بوقت تین بجے سہ پہرمارویلس پبلک اسکو ل،انگلش میڈیم (MARVELLOUS PUBLIC SCHOOL,MUBARAKPUR) ،محلّہ کٹرہ،مبارکپور،ضلع اعظم گڑھ ترپردیش میں حکیم امت مولانا ڈاکٹر سید کلب صادق صاحب قبلہ طاب ثراہ کے قائم کردہ ادارہ توحید المسلمین ٹرسٹ لکھنؤ (TMT)کے ماتحت چیپس۲۰۲۴ء (CHAMPS-2024) امتحان میں اعلیٰ نمبروں سے کامیاب طلباءو ظالبات کو تقسیم انعامات کی غرض سے منعقد پر رونق تقریب اعزاز میں طلباءوطالبات واساتذہ و منتظمین اسکول سے خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پر جناب مشتاق حسین خان سیکریٹری مدرسہ باب العلم مبارکپور اور لکھنؤ سے تشریف لائے مہمانان گرامی جناب نجم الحسن رضوی عرف نجمی صاحب دامادحکیم امت مولانا ڈاکٹر سید کلب صادق صاحب قبلہ طاب ثراہ ،جناب ڈاکٹر آل نبی صاحب ،جناب امیر حیدر عرف نہال بھائی،نے علم کی ضرورت اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے توحید المسلمین ٹرسٹ کے زیر انتظام چیمپس کی فعالیت اور اہمیت پر زیادہ زور دیا۔ اور اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے لڑکے اور لڑکیوں کو ترغیب دلائی کہ وہ چیمپس امتحان میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں اور اپنے مستقبل کو تابناک بنائیں۔چیمپس امتحان کے یوپی بھر میں مختلف شہروں میں 29سینٹر قائم ہیں جن میں ایک مبارکپور میں مارویلس پبلک اسکو ل بھی ہے۔

پروگرام کا آغازمارویلس پبلک اسکول مبارکپور کی چند طالبات نے ’’سلام فرما ندہ‘‘فارسی زبان میں نہایت خوش الحانی کے ساتھ نشید پیش کی۔ آخر میں مارویلس پبلک اسکول مبارکپور کے پرنسپل جناب ماسٹر شجاعت علی صاحب اور منیجر جناب جعفر حیدر صاحب ، محترمہ ام سلمیٰ صاحبہ لکچرار مدرسہ باب العلم نسواں انٹر کالج مبارکپور،محترمہ ذاکرہ لکچرار شعبہ فارسی شبلی کالج اعظم گڑھ کی چیمپس امتحان کے انعقاد اور اس کو کامیاب بنانے کے سلسلہ میں گرانقدر خدمات کو سراہتے ہوئے توحید المسلمین ٹرسٹ لکھنؤ کی جانب سے سپاس نامہ پیش کیا گیا۔اور چیمپس امتحان میں کامیاب ہونے والے12 طلباء و طالبات کو ٹرافی اور میڈل سے نواز کر حوصلہ افزائی کی گئی۔اپنی نوعیت کے اعتبار سے مباکپور میں یہ پہلا پروگرام تھا جو انتہائی کامیابی و کامرانی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔نظامت کے فرائض لکھنؤ سے تشریف لائےمہمان گرامی جناب رضوان رضوی صاحب نے بخیر خوبی انجام دئے۔

اس موقع پر اسکول کے طلباء و طالبات اور انکے سرپرستان، اساتذہ اور مبارکپور کے معزز علم دوست حضرات موجود رہے۔ مارویلس پبلک اسکول (انگلش میڈیم) مبارکپور کے پرنسپل جناب ماسٹر شجاعت علی صاحب نے جملہ شرکاء کا پرخلوص شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .