۱۶ آبان ۱۴۰۳ |۴ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 6, 2024
عراقچی

حوزہ / ڈاکٹر سید عباس عراقچی نے کہا: ایران کی سرزمین پر جو حملہ ہوا ہے اس کا بروقت اور مناسب جواب دیا جائے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر سید عباس عراقچی نے تہران میں تعینات دیگر ممالک کے سفیروں اور عالمی اداروں اور تنظیموں کے مندوبین کے ساتھ میٹنگ کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا: ایران کی سرزمین پر جو حملہ ہوا ہے اس کا جواب مناسب وقت پر یقینی طور پر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا: آج کی سفیروں کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں بعض ممالک نے ایک بار پھر صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کی اور جمہوریہ اسلامی ایران کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا: ایسا کوئی جنگی جرم نہیں ہے جس کا ارتکاب صیہونیوں نے نہ کیا ہو۔

سید عباس عراقچی نے کہا: امریکہ اور بعض یورپی ممالک نہ صرف صیہونی حکومت کی حمایت کر رہے ہیں بلکہ سلامتی کونسل اور دیگر عالمی اداروں میں امن برقرار کرنے کی ہر کوشش کے سامنے رکاوٹیں بھی کھڑی کر رہے ہیں۔

انہوں نے یورپی ممالک کی جانب سے ایران پر حملے کی مذمت نہ کئے جانے کو ان کے دوہرے معیار کا نتیجہ قرار دیا اور کہا: ہمیں مغربی ممالک یا کسی بھی دوسرے ملک کے موقف سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ ہمارا موقف بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کے تحت واضح ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اسرائیلی حملے کے جواب میں ایران کی کارروائی کو یقینی قرار دیتے ہوئے کہا: ایران کی سرزمین پر جو حملہ ہوا ہے اس کا بروقت اور مناسب جواب دیا جائے گا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .