حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، جماعت علماء مسلمان لبنان کے سرکردہ افراد نے جماعت علماء مسلمان الجزائر کے ایک وفد کا استقبال کیا، جس کی سربراہی شیخ عمار طالبی کر رہے تھے۔ ان کے ساتھ مختلف سرجری میں مہارت رکھنے والے سینئر ڈاکٹرز بھی تھے جو اسرائیلی حملوں میں زخمی ہونے والوں کے معالجہ کے لئے لبنان کا سفر کر رہے ہیں۔
تجمع علماء کے انتظامی امور کے سربراہ شیخ حسن عبداللہ نے اجلاس کے اختتام پر اپنی گفتگو کے دوران کہا: ہمارے ساتھ شیخ عمار طالبی کی سربراہی میں الجزائر کے علماء کے وفد نے ملاقات کی اور ہمیں یہ موقع ملا کہ ان کے ساتھ موجود ڈاکٹروں کی مدد سے اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد فراہم کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا: ہم ہمیشہ الجزائر کے ان پاک اور مہربان ہاتھوں کے شکر گزار رہے ہیں کیونکہ یہ وہ ملک ہے جس نے فرانسوی استعمار کے خلاف مقاومت کرتے ہوئے ڈیڑھ ملین شہداء دئے اور شاید ان چند ممالک میں سے ایک ہے جو فلسطین اور لبنان کے مسئلے میں ان کے ساتھ کھڑا ہے اور صیہونی دشمن کے مقابلہ میں حق کا ساتھ دے رہا ہے۔
شیخ عبداللہ نے کہا: ہم امید کرتے ہیں کہ عرب اور اسلامی دنیا کے علماء اور عوام بھی الجزائر کے علماء اور لوگوں سے سبق حاصل کریں گے اور ان مجاہدین کی مدد کریں گے جو ان کی امداد کے منتظر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: اس کے باوجود ہم ان دشمنان اسلام صیہونیوں کے خلاف اپنے جہاد کو اپنی مکمل کامیابی تک جاری رکھیں گے۔ ان شاءاللہ یہ جنگ بہت جلد مقاومتی مجاہدین کی فتح کے ساتھ ختم ہو گی۔
جماعت علماء مسلمان الجزائر کے سربراہ شیخ طالبی نے اس دوران کہا: ہم آج یہاں پر ہیں تاکہ آپ سب تک یہ پیغام پہنچا سکیں کہ آپ لوگ تنہا نہیں ہیں۔ الجزائر کی حکومت اور عوام آپ کے ساتھ ہیں۔ یاد رکھیں ہم آپ کو کبھی تنہا نہ چھوڑیں گے۔
انہوں نے مزید کہا: یہ فیصلہ کن جنگ جو آپ پوری امت مسلمہ کی طرف سے لڑ رہے ہیں، پوری امت مسلمہ کی عزت اور ان کے مقدسات کے تحفظ کے لئے ہے۔ صیہونیوں کی یہ جارحیت صرف غزہ پر نہیں بلکہ تمام مسلمانوں کے خلاف جارحیت ہے۔
شیخ عمار طالبی نے کہا: آپ لوگ ابھی میدان میں ہیں اور سید حسن نصر اللہ رحمۃ اللہ شہید ہو چکے ہیں۔ وہ ان عظیم شہداء میں سے ایک ہیں جنہوں نے اس فوج کی قیادت کی جو آج بھی ظالم اور غاصب صہیونیوں کے مقابل میں نبرد آزما ہے۔