حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولوی محمد امین راستی نے حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی دشمن اور ان کے دیگر ساتھی، اسلامی جمہوریہ ایران کو نقصان پہنچانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، اور اسی وجہ سے وہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر اپنے غصے کا اظہار کرتے ہیں۔ روزانہ ان کی طرف سے نئے بیانات اور دھمکیاں سننے کو ملتی ہیں۔
سنندج میں علماء کے کونسل کے رکن مولوی راستی نے مزید کہا کہ یہ دھمکیاں کبھی بھی ایرانی قوم کے حوصلے کو پست نہیں کر سکتیں، کیونکہ ایرانی جانتے ہیں کہ غاصب اسرائیل کے رہنماؤں کی باتیں محض جھوٹ ہیں۔ اگر ان کے پاس ایران سے لڑنے کی طاقت ہوتی، تو وہ اب تک ایران پر حملہ کرچکے ہوتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج صیہونی حزب اللہ اور حماس کے ساتھ جنگ میں پھنس چکے ہیں، اور یہ وہ دلدل ہے جس سے وہ کبھی باہر نہیں نکل پائیں گے۔ اس جنگ نے صیہونیوں کی خود ساختہ طاقت اور رعب کو برباد کردیا ہے۔
مولوی راستی نے مزید کہا کہ صیہونی، مزاحمتی محاذ کے خلاف لڑنے میں ناکام ہوچکے ہیں اور پچھلے سال کے دوران بے شمار جرائم کے باوجود اپنے کسی بھی مقصد کو حاصل نہیں کر سکے۔ ان کے ریکارڈ میں صرف دہشت گردی اور تشدد ہے۔
انہوں نے مغربی ممالک، خاص طور پر امریکہ اور برطانیہ کی جانب سے صیہونی جرائم کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی طاقتور ممالک کے تعاون سے حالات کو اپنے حق میں موڑنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن آج تک نہ صرف کامیاب نہیں ہوئے، بلکہ صیہونیوں اور ان کے حامیوں کے درمیان دراڑیں مزید بڑھتی جا رہی ہیں، جو کہ مزاحمتی محاذ کے لیے ایک کامیابی ہے
مولوی راستی نے مزید کہا کہ آج اسلامی دنیا کو صیہونی حکومت اور دیگر ظالم طاقتوں کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ مسلمانوں کو قرآن و سنت کی طرف رجوع کرنا چاہیے، جس میں دینی بھائی چارے اور اتحاد کا پیغام دیا گیا ہے۔ اتحاد مسلمانوں کا سب سے مضبوط ہتھیار ہے، خاص طور پر صیہونیوں اور قدس شریف کے غاصبوں کے خلاف اتحاد بیت ضروری ہے۔
انہوں نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ ہمیں امید ہے کہ مزاحمتی محاذ کے مجاہدین کی قربانیوں سے صیہونی حکومت جلد ہی صفحہ ہستی سے مٹ جائے گی، اور اسلامی دنیا اور انسانیت اس شیطانِ بزرگ سے نجات حاصل کرے گی۔