۲۴ آذر ۱۴۰۳ |۱۲ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 14, 2024
کاشف سعید شیخ

حوزہ/ اپنے ایک بیان میں جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تمام مسلم ممالک اپنے اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دیں اور ظالم کے ہاتھوں کو روکیں۔ مغربی ممالک کی حمایت اور مسلمان ممالک کی خاموشی ہی اسرائیل کی اصل طاقت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کراچی/ جماعت اسلامی سندھ کے امیر، کاشف سعید شیخ نے حماس کے سیاسی ونگ کے نومنتخب سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے بعد اب یحیٰ سنوار کی شہادت نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے، لیکن فلسطین کی آزادی کی تحریک کبھی بھی ختم نہیں ہو گی۔ یحیٰ سنوار ہمیشہ شہادت کے جذبے سے سرشار تھے، انہوں نے اپنی زندگی کے 22 سال اسرائیلی جیلوں میں گزارے، مگر صہیونی تسلط کو کبھی قبول نہیں کیا۔

کاشف سعید شیخ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ غزہ کے 42 ہزار شہداء، حماس کے رہنماؤں اور کارکنوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مجاہدین اور فلسطینی عوام کی لازوال قربانیوں کے نتیجے میں مسجد اقصیٰ آزاد ہوگی۔ انہوں نے اسرائیل کے جنگ بندی کی بجائے لبنان، شام اور ایران تک جارحیت پھیلانے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل ہانیہ، حسن نصراللہ، اور اب یحیٰی سنوار کی شہادت کے ذریعے اسرائیل یہ پیغام دینا چاہتا ہے کہ وہ جب چاہے، جہاں چاہے خون کی ہولی کھیل سکتا ہے، اور دنیا کی کوئی طاقت اسے روکنے والی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کی تاریخ قربانیوں اور شہادتوں سے بھری پڑی ہے۔ شیخ احمد یاسین کے شاگردوں یحییٰ سنوار، اسماعیل ہانیہ اور دیگر حماس و حزب اللہ رہنماؤں کی قربانیوں کو تاریخ ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھے گی۔

صوبائی امیر نے مزید کہا کہ حماس کے شہید رہنما یحییٰ سنوار نے اللہ کی رضا کے لیے اپنی جان دی، انہوں نے دنیا کی سب سے بڑی ظالم قوت کا بے جگری سے مقابلہ کیا اور آخر کار بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کو غزہ اور لبنان میں کئے گئے مظالم کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا، برطانیہ اور مغربی قوتوں کی پشت پناہی کے ذریعے اسرائیل غزہ کی جنگ کو پوری مسلم دنیا تک پھیلانے کی سازش کر رہا ہے، اور اگر اب بھی مسلم حکمران خوابِ غفلت سے بیدار نہ ہوئے تو پوری مسلم دنیا اس ہولناک جنگ کی لپیٹ میں آ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ القسام بریگیڈ نے اسرائیل کو ناکوں چنے چبوائے، مگر اسرائیل نہتے فلسطینیوں اور ان کے گھروں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ آج امت مسلمہ اور بالخصوص فلسطین ایک عظیم مجاہد سے محروم ہو گئی ہے، اللہ کا شیر اور کفار کو ناکوں چنے چبوانے والا مجاہد آج اپنی منزل پا گیا۔ لیکن کیا عالم اسلام کے حکمران اس ظلم کے بعد بھی آنکھیں بند رکھیں گے؟ کیا مسلم حکمران اسرائیل کی خاموش حمایت جاری رکھیں گے؟

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تمام مسلم ممالک اپنے اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دیں اور ظالم کے ہاتھوں کو روکیں۔ مغربی ممالک کی حمایت اور مسلمان ممالک کی خاموشی ہی اسرائیل کی اصل طاقت ہے۔ پاکستان، ایک ایٹمی ملک ہونے کے ناطے، اس صورتحال میں اپنا کردار ادا کرے، اور مسلمان ملکوں کے فوجی سربراہان کا فوری اجلاس طلب کیا جائے تاکہ اسرائیل کو دہشت گرد ریاست قرار دیا جا سکے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .