حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر مستونگ میں سول اسپتال چوک گرلز ہائی اسکول کے قریب بم دھماکہ ہوا ہے۔ جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہو گئے ہیں۔
مقامی پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں پانچ اسکولی بچے، ایک پولیس اہلکار اور ایک راہ گیر شامل ہے جبکہ زخمیوں میں بھی زیادہ تر تعداد اسکول کے بچوں کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں 10 سے 13 سال کے درمیان ہیں، ریموٹ کنٹرول دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا۔ بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دھماکے سے پولیس کی ایک گاڑی بھی تباہ ہوئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستانی وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر اعلی بلوچستان میر سرفرازبگٹی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستونگ میں اسکول پر دھماکا تعلیم دشمنی کا ثبوت ہے لیکن دشمن اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا اور بہت جلد اپنے کئے کی سزا پائے گا۔