۱۵ آبان ۱۴۰۳ |۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 5, 2024
لاہور: جے یو آئی (س) کے زیر اہتمام فلسطین اور دنیا بھر کے مظلومین کے حق میں مظاہرہ منعقد

حوزہ/ رہنماؤں نے حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت ہے کہ دنیا بھر کے مظلومین کے ساتھ عملی تعاون کا ہاتھ بڑھایا جائے۔ انہوں نے کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں اور ہر ممکنہ بااعتماد ذرائع سے شہداء کے ورثاء، زخمیوں اور بے گھر افراد کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ جمعیت علماء اسلام (س) لاہور کے زیر اہتمام فلسطین اور دنیا بھر کے مظلومین کے حق میں ایک عظیم الشان مظاہرہ منعقد ہوا، جس کی قیادت جے یو آئی لاہور کے امیر مولانا قاری اعظم حسین نے کی۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مولانا قاری اعظم حسین، ناظم اعلیٰ جے یو آئی لاہور مولانا طیب عثمانی، مولانا قدرت اللہ عارف، قاری رحمت اللہ لاشاری، مولانا توقیر عباس، انجینئر خالد ٹیپو، قاری واحد بخش، قاری سعید عابد، قاری خورشید، مولانا معوذ اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ جے یو آئی کے منشور میں یہ بات شامل ہے کہ ہم ہر ظالم کے خلاف آواز بلند کریں گے اور ہر مظلوم کی حمایت کریں گے۔ اسی اصول کے تحت آج ہم اسرائیلی بربریت اور غاصبانہ و ظالمانہ تسلط کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور عالمی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لئے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔

رہنماؤں نے حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت ہے کہ دنیا بھر کے مظلومین کے ساتھ عملی تعاون کا ہاتھ بڑھایا جائے۔ انہوں نے کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں اور ہر ممکنہ بااعتماد ذرائع سے شہداء کے ورثاء، زخمیوں اور بے گھر افراد کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں۔

رہنماؤں نے حکومتِ پاکستان کی طرف سے فلسطینی طلبہ کو پاکستانی تعلیمی اداروں میں داخلہ دیے جانے کے عزم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ آخر میں، مظاہرین نے ظالموں اور غاصبوں کے خلاف پرجوش نعرے بازی کی، اور خصوصی دعاؤں کے ساتھ مظاہرہ اختتام پذیر ہوا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .