حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے نائب سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے سید حسن نصر اللہ کے چالیسویں کے موقع پر ایک ٹیلی ویژن خطاب میں کہا: "آج ہم سید الشہداء امت، سید حسن نصر اللہ کی شہادت کے چالیسویں دن کو منا رہے ہیں۔ سید نصر اللہ ایک باعزم اور شجاع رہنما تھے، جو معلم راہ ولایت اور آزادی فلسطین کے علمبردار تھے۔"
شیخ قاسم نے مزید کہا: "سید نصر اللہ کی باتیں ایک نور ہیں جو مزاحمت کی علامت بن کر دنیا کے دلوں میں روشن ہوئیں، انہوں نے دین محمدی (ص) کی اصل تعلیمات کی بنیاد پر ایک مزاحمتی جماعت کی تشکیل دی، جس میں تمام طبقات شامل تھے، یہ جماعت نوجوانوں اور بزرگوں، حریت پسندوں اور محنت کشوں کی نمائندہ ہے۔"
انہوں نے حزب اللہ کی جامع خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "حزب اللہ نہ صرف عسکری بلکہ ثقافتی، سیاسی، تعلیمی، اور طبی میدان میں بھی منظم اور سرگرم ہے، اور یہی وہ جماعت ہے جسے سید نصر اللہ نے اپنے ہاتھوں سے پروان چڑھایا۔"
شیخ نعیم قاسم نے سید حسن نصر اللہ کی شجاعت کا ذکر کرتے ہوئے کہا: "سید نصر اللہ نے اپنی زندگی اور شہادت دونوں میں ہمیں جلا بخشی، ان کی موت کے بعد بھی وہ زندہ ہیں اور ہم ان کے ساتھ رہیں گے، حزب اللہ کا یہ راستہ جاری رہے گا اور فروغ پائے گا۔"
انہوں نے مزید کہا: "سید نصر اللہ نے مزاحمت کے علمبردار، مجاہدین اور دنیا کے آزاد لوگوں کے دلوں میں اپنا مقام بنایا، انہوں نے حسینیت کی محبت کا پرچم سربلند کیا اور اسی راہ پر گامزن رہے۔"
انہوں نے یمن، عراق، لبنان اور ایران کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ "تمام مزاحمتی محاذوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کی عظیم حمایت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جو فلسطین کی آزادی کے لئے مدد فراہم کر رہے ہیں۔"