۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
الیکشن

حوزہ/ انتخابات مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی نگرانی میں تکمیل پائے۔ زاہد علی آخونزادہ نے معاونت کے فرائض انجام دئیے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،شیعہ علماء کونسل پاکستان وسطی پنجاب کے صوبائی انتخابات برائے سال 2024/27 مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی زیر نگرانی علی مسجد مدینہ ٹاون فیصل آباد میں منعقد ہوئے، جس میں وسطی پنجاب سے ووٹرز کی بڑی اکثریت نے امیدواروں کے لیے رائے دہی کا حق استعمال کیا۔ انتخابی عمل میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ نے الیکشن افیسر کی معاونت کے فرائض انجام دئیے۔

انتخابات میں چار امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سید ساجد حسین نقوی، قاسم علی قاسمی، علامہ اعجاز حسین مہدی اور سید غضفر عباس ترمذی شامل تھے۔ پولنگ پرامن انداز میں انتخابی گرمجوشی سے منعقد ہوئی۔ تاہم ووٹوں کی گنتی کے بعد انتخابات میں کوئی امیدوار دستور کے مطابق 51 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا جس کے باعث الیکشن آفیسر اور مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے دستور کے مطابق اولین پوزیشن حاصل کرنے والے امیدواروں سید ساجد حسین نقوی اور قاسم علی قاسمی کے درمیان دوبارہ انتخابات منعقد کرنے کا دستوری اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ دوبارہ انتخابات کی تاریخ قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ جلد فرمائیں گے۔

شیعہ علماء کونسل وسطی پنجاب کے انتخابی عمل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، تلاوت کلام پاک کا شرف علامہ نصرت حسین نے حاصل کیا۔ جس کے بعد زاہد علی آخونزادہ نے انتخابات کے قواعد و ضوابط پر روشنی ڈالی اور جماعت کی تنظیمی حیثیت کی اہمیت کے متعلق خطاب کیا۔ بعدازاں الیکشن آفیسر علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے انتخابی عمل اور موجودہ عوامی مسائل پر جامع خطاب فرمایا۔

انتخابی عمل کے دوران، تمام ووٹرز کی باقاعدہ رجسٹریشن کی گئی اور کورم مکمل ہونے کے بعد پولنگ کا سلسلہ شروع ہوا۔ پولنگ کے اختتام پر ووٹوں کی گنتی کی گئی اور نتائج کا اعلان کیا گیا۔

الیکشن کے دوران شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدور علامہ سبطین سبزواری،علامہ مظہر عباس علوی، صوبہ شمالی پنجاب کے صدر علامہ اشتیاق حسین کاظمی، علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، مولانا فیاض مطہری اور مولانا امداد علی گھلو سمیت دیگر علمائے کرام نے خصوصی شرکت فرمائی ۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .