۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ علی حسنین

حوزہ/ کوئٹہ پاکستان میں سید مقاومت، سید حسن نصر اللہ کے چہلم کے موقع پر، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما نے کہا کہ تاریخ علامہ سید حسن نصر اللہ کو مسلم امت کے بہادر رہنماء کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کوئٹہ پاکستان میں سید مقاومت، سید حسن نصر اللہ کے چہلم کے موقع پر منعقدہ تعزیتی اجلاس سے ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ علی حسنین حسینی نے کہا کہ تاریخ علامہ سید حسن نصر اللہ کو مسلم امت کے بہادر رہنماء کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے گی۔

مجلسِ وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ علی حسنین حسینی نے کہا کہ شہید مقاومت علامہ سید حسن نصر اللہ اور حزب اللہ کے دیگر شہداء نے بہادری سے اسرائیلی غاصب حکومت کا مقابلہ کرتے ہوئے دنیا پر یہ بات ثابت کر دی کہ اسرائیل قابلِ شکست حکومت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان، آج حزب اللہ کے سربراہ کو ان کی بہادری اور دلیری پر سلام عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

علامہ علی حسنین نے کہا کہ شہید حسن نصر اللہ اور ان کے ساتھیوں نے فلسطینی عوام پر ہونے والے ظلم و ستم کو روکنے اور حماس کی حمایت کے لئے عملی اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ اسرائیل مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام کرتا رہا اور دنیا بھر کے مسلم ممالک خاموش تماشائی بنے رہے، لیکن ایسے میں سید حسن نصر اللہ جیسے رہنماء ہی تھے، جنہوں نے غاصب اسرائیل کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مسلمانوں کا دفاع کیا۔

انہوں نے حزب اللہ کے جوانوں کے جذبہء شہادت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ کے مجاہدین شہادت کو شکست نہیں سمجھتے، بلکہ یہ قربانیاں ان کے مقصد کو زندہ رکھتی ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم کے رہنما نے کہا کہ اسرائیل ایک قابض حکومت ہے، جسے مسلمانوں کی سرزمین پر قبضے کا کوئی حق نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر غاصب اسرائیل کی طرف سے بچوں، عورتوں، بزرگوں، اسکولوں اور اسپتالوں پر ممنوعہ بموں سے حملہ جاری رہا تو مسلمان کیسے خاموش رہ سکتے ہیں ؟

علامہ علی حسنین حسینی نے کہا کہ حماس اور حزب اللہ کے مجاہدین فلسطینی عوام کے دفاع اور مسلمانوں کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، جس میں بے انتہا قربانیاں پیش کی گئی ہیں۔

انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ فلسطینی عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑ سکتے، کہا کہ پاکستانی عوام نے گزشتہ ایک سال کے دوران اسرائیل کی بربریت کے خلاف مسلسل آواز بلند کی ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .