۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
عارف واحدی 1

حوزہ/ شيعہ علماء کونسل پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے جامعہ مخزن العلوم الجعفریہ ملتان میں مرقد منور استاذ العلماء حضرت علامہ سید گلاب علی شاہ مرحوم پر حاضر ہوئے اور ان کے بلندی درجات کی دعا کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شيعہ علماء کونسل پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے جامعہ مخزن العلوم الجعفریہ ملتان میں مرقد منور استاذ العلماء حضرت علامہ سید گلاب علی شاہ نوّر اللہ مرقدہ کی زیارت کی، ان کے کے لئے فاتحہ پڑھی، ان کی مغفرت، بلندی درجات اور شفاعت معصومین علیہم السلام کے لئے دعا کی۔

حضرت علامہ سید گلاب علی شاہ جیسی مقدس ہستی ملتِ تشیع کا عظیم سرمایہ ہے

علامہ عارف حسین واحدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ہمیشہ حسرت رہتی ہے کہ اس مرقد مطہر کی زیارت کر کے اور اہلبیت اطہار علیہم السلام اور اس بزرگوار کا واسطہ دے کر اللہ تعالٰی کے حضور اپنی حاجات اور مشکلات پیش کروں اور میرا تجربہ ہے کہ ان کے مخلص استاد اور متقی عالم دین ہونے کے ناطے دعائیں قبول ہوتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: قبلہ علامہ سید گلاب علی شاہ صاحب رہ واقعی طور پر ایک عظیم معلم، مربی اور شفیق استاد تھے ھم نے زندگی میں مختلف اداروں میں بہت سے اساتید سے استفادہ کیا ہے مگر قبلہ صاحب کی مشفقانہ تعلیم و تربیت اور اخلاص سے سب سے زیادہ حاصل کیا۔

ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے کہا: ان جیسی مقدس ہستی اس ملت کا عظیم سرمایہ ہے جن سے ہم نے علمی، اخلاقی اور روحانی و معنوی فیض حاصل کیا۔

علامہ عارف حسین واحدی نے اس دینی درسگاہ کی اپنی بعض یادگاروں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا: 1980ء میں اسی درسگاہ میں ان بزرگوار کے دست مبارک سے ہمارے سر پر عمامہ رکھا گیا، ہمیں پھولوں کے ہار ڈالے گئے۔ اور مدرسہ سے فارغ التحصیل ہوتے وقت مجھے انہوں نے اپنے دست مبارک سے جو سند افتخار عطا فرمائی اس میں یہ جملہ موجود ہے کہ" مولوی عارف حسین اتنے ذہین و فطین ہیں کہ اپنی تعلیم جاری رکھیں تو وہ وقت دور نہیں جب وہ درجہ اجتہاد پر فائز ہوں گے"۔ یہ جملہ مجھ عبدِ حقیر کے لئےسب سے بڑا اعزاز ہے۔

اللہ تعالٰی ہمیں ان کی روحانی رہنمائی میں کام کرنے، خدمت دین مبین اسلام اور مکتب اہلبیت اطہار علیہم السلام کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین

حضرت علامہ سید گلاب علی شاہ جیسی مقدس ہستی ملتِ تشیع کا عظیم سرمایہ ہے

تبصرہ ارسال

You are replying to: .