۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
شبیر حسن میثمی

حوزہ / شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی میں تشیع کا کردار کلیدی رہا ہے اور تشیع نے ماضی کی طرح وطن عزیز پاکستان بنانے اور اس کو بڑھانے کے طرح اس کی حفاظت اور بچانے میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے ملتان میں استاد العلماء علامہ سید گلاب علی شاہ نقوی اعلی اللہ مقامہ کی برسی کے موقع پر منعقدہ جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا: استاد العلماء علامہ سید گلاب علی شاہ نقوی اعلیٰ اللہ مقامہ پاکستان میں علمی اور عملی انقلاب کا نام ہے جنہوں نے اپنے علم، حلم اور حکمت سے ملک میں عوام کی رہنمائی فرمائی اور آج ملک میں اتحاد امت کے حوالے جاری کاوشیں انہیں بزرگانِ دین کی مرہون منت ہیں۔

انہوں مزید کہا: بانی اتحاد بین المسلمین قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ بھی اسی بصیرت و تندہی سے ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے علمی، عملی اور حکمت سے عوام کی رہنمائی میں مصروف عمل ہیں اور اسلام آباد میں منعقدہ حالیہ علماء و ذاکرین کانفرنس نے ثابت کیا کہ عوام کو کل بھی قیادت پر مکمل اعتماد تھا اور آج بھی وہ قائدِ ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ کو اپنا مسیحا سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ قائدِ محترم کی بابصیرت قیادت کا نتیجہ ہے کہ وطن عزیر پاکستان میں عوام میں فرقہ واریت، جہالت، نفرت اور نفاق کا خاتمہ ممکن ہوا اور آج ملک میں اتحاد امت کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا: قیادت نے کبھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑا۔ اگر انہوں نے ایک طرف ملک میں تعصبات کی فضاء کو ختم کر کے اور امن و سلامتی اور اخوت و بھائی چارے کی فضاء قائم کر کے عوام کی زندگیوں کا تحفظ ممکن بنایا تو وہیں دہشت گردی سمیت قدرتی آفتوں کی شکار عوام کی بھی دستگیری فرمائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ سیلاب میں قائد محترم کی اپیل پر زہراء (س) اکیڈمی پاکستان اب تک ملک کے 350 سے زائد مقامات پر عوامی زندگیوں کو بچانے کے لیے خوراک، ادویات، ٹینٹ اور دیگر ضروریات زندگی بہم پہنچانے میں مصروف عمل ہے جبکہ اندورن سندھ اب تک زیر آب علاقوں سے کشتیوں کے ذریعے عوام کو متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر پہنچانے کی امدادی کاروائیاں بھی جاری ہیں۔

انہوں نے کہا: قیادت بغیر حکومت کے بھی عوام کی فلاح و بہبود میں روز بروز بڑھ چڑھ کر کردار ادا کر رہی ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام بھی اپنے فرائض کو اسی ایمانداری سے ادا کرتے ہوئے قیادت کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ وطن عزیز پاکستان میں عوام کی زندگیوں میں علمی، عملی اور حکیمانہ انقلاب برپا کیا جا سکے۔

قابل ذکر ہے کہ استاد العلماء علامہ سید گلاب شاہ نقوی اعلیٰ اللہ مقامہ کی برسی کے موقع پر ان کے فرزند اور خطیب العصر علامہ سید تقی علی شاہ نقوی حفظہ اللہ کو علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے زہراء (س) اکیڈمی پاکستان کی جانب سے علمی تحقیقات پر مبنی کتب کا تحفہ بھی پیش کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .