۱۸ آذر ۱۴۰۳ |۶ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 8, 2024
الجواد فاؤنڈیشن کی عزائے فاطمیہ کے لئے تمام تیاریاں مکمل

حوزہ/الجواد فاؤنڈیشن کے جنرل سکریٹری، مولانا سید مناظر حسین نقوی نے بتایا کہ "الحمدللہ، عزائے فاطمیہ کے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔ علماء کرام اور مختلف تنظیمیں اپنی اپنی جگہ پر مصروف عمل ہیں تاکہ شہزادیٔ دو عالمؑ کا غم اس شان و شوکت سے منایا جائے جیسا کہ اسکا حق ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایام عزائے فاطمیہ ہندوستان کے مختلف علاقوں میں بڑی عقیدت اور شان و شوکت کے ساتھ منائے جاتے ہیں۔ اس دوران مسلمانانِ ہند بنتِ رسولؐ کا غم منا کر رسول اکرمؐ اور معصومینؑ کی خدمت میں پرسہ پیش کرتے ہیں۔

ایام فاطمیہ کی یہ تحریک کافی سال قبل مراجع کرام کے زیر سایہ شروع ہوئی تھی، جو اب دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتی اور مقبول ہوتی جا رہی ہے۔ ہندوستان میں اس تحریک کا آغاز 2004 میں الجواد فاؤنڈیشن نے کیا، اور تب سے یہ تنظیم اس تحریک کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

ملک بھر میں شیعیان اور دیگر مسلمانان، ایام عزائے فاطمیہ کے دوران مجالس، ماتم اور جلوسوں کے ذریعے بنتِ رسولؐ کا غم مناتے ہیں اور رسولِ مکرمؐ و معصومینؑ کی خدمت میں پرسہ پیش کرتے ہیں۔

اس حوالے سے الجواد فاؤنڈیشن کے جنرل سکریٹری، مولانا سید مناظر حسین نقوی نے حوزہ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "الحمدللہ، عزائے فاطمیہ کے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔ علماء کرام اور مختلف تنظیمیں اپنی اپنی جگہ پر مصروف عمل ہیں تاکہ شہزادیٔ دو عالمؑ کا غم اس شان و شوکت سے منایا جائے جیسا کہ اسکا حق ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ مومنین اور انجمنیں بہترین انداز میں بنتِ رسولؐ کا غم منا کر امامِ زمانہ، یوسفِ زہراؑ کو پرسہ پیش کریں۔"

مولانا نقوی نے مزید کہا کہ الجواد فاؤنڈیشن اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ عزائے فاطمیہ کی مجالس و جلوس منظم اور عقیدت کے ساتھ منعقد ہوں تاکہ اس تحریک کی اصل روح کو برقرار رکھا جا سکے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .