حوزه نیوز ایجنسی کے رپورٹر سے گفتگو کرتے ہوئے مدرسہ تخصصی قرآن و عترت مشہد کے مدیر حجتالاسلام غلام حسین کمیلی نے حضرت امالبنین سلام الله علیها کی عظیم شخصیت پر گفتگو کی اور کہا: یہ عظیم خاتون حضرت فاطمہ زہرا سلام الله علیها کی شہادت کے بعد امیرالمؤمنین علی علیہ السلام کی زوجیت میں آئیں۔ اللہ نے انہیں چار بہادر اور نیک بیٹے عطا کیے جن کے نام عباس، عبداللہ، جعفر، اور عثمان علیہم السلام تھے اور یہ سب کربلا میں شہید ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا: حضرت امالبنین سلام الله علیها ایک مومن اور بہادر خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔ انہوں نے نہ صرف فروتنی اور ادب کے ذریعہ اپنے شوہر حضرت علی علیہ السلام کے ساتھ وفاداری کا مظاہرہ کیا بلکہ اپنی اعلیٰ اخلاقی اور دینی فضائل کی بدولت اہل بیت علیہم السلام اور مسلمانوں کے دلوں میں بھی جگہ بنائی۔
حجتالاسلام کمیلی نے کہا: یہ خاتون ایک مثالی ماں تھیں، جنہوں نے اہل بیت علیہم السلام سے محبت اور ولایتپذیری کے ساتھ اپنے بچوں کی تربیت کی۔
انہوں نے کہا: حضرت امالبنین سلام الله علیها تاریخ اسلامی میں اپنے بہادر اور باادب بیٹوں، خصوصاً حضرت عباس علیہ السلام کے ذریعہ معروف ہوئیں۔ انہوں نے اپنے بچوں کی ایسی تربیت کی کہ وہ اسلام کے دشمنوں کے سامنے سخت ترین میدانوں میں استقامت اور شجاعت کے ساتھ ڈٹے رہے۔ حضرت عباس علیہ السلام جو وفا، ادب، اور ایثار کی مثال ہیں، نے کربلا میں بے مثال کردار ادا کیا اور عاشورا کی تاریخ میں اپنا نام ہمیشہ کے لیے امر کر دیا۔