حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یورپ، امریکہ اور غیر عربی افریقی خطوں کے اسلامی مطالعات کے گروپ نے قم میں "آسٹریلیا کی شناخت" کے عنوان سے ایک علمی نشست کا انعقاد کیا۔ یہ نشست المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے مختصر مدتی کورسز اور مطالعاتی مواقع کی ریسرچ ڈپارٹمنٹ کے تعاون سے منعقد ہوئی، جس میں حجۃ الاسلام والمسلمین زیدالسلامی نے آسٹریلیا کے سماجی اور ثقافتی حالات پر اپنے ماہرانہ خیالات کا اظہار کیا۔
نشست کا مقصد آسٹریلیا کی ثقافتی اور سماجی صورتحال کا تجزیہ، بین الاقوامی سطح پر موجود چیلنجز اور مواقع کا جائزہ اور اسلامی اور سماجی موضوعات میں باہمی تفہیم کو مضبوط بنانا تھا۔
حجتالاسلام والمسلمین زیدالسلامی نے آسٹریلیا میں فیملی اور خواتین کو درپیش شناختی مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ "ثقافتی استحصال اور مغربی شناخت میں ضم ہونے کی کوشش، آسٹریلیا میں ایک اہم سماجی مسئلہ بن چکا ہے، یہ مسئلہ بالخصوص خواتین اور نوجوانوں میں زیادہ نمایاں ہے، جو سماجی قبولیت کی خواہش اور طرد کیے جانے کے خوف کے سبب اپنی ثقافت سے دور ہو رہے ہیں۔
انہوں نے آسٹریلیا میں طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: یہاں طلاق ایک سماجی طور پر قبول شدہ حقیقت بن چکی ہے، اور اس کے اعداد و شمار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ مغربی ثقافت کے زیر اثر، خاندانی نظام کی اہمیت کم ہوتی جا رہی ہے اور طلاق کو اب داغ نہیں سمجھا جاتا۔
زیدالسلامی نے آسٹریلیا کے نوجوانوں میں مغربی طرز زندگی کو اپنانے اور اس کے اثرات کو ایک بڑا چیلنج قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ "بہت سے نوجوان اور خاندان سماجی قبولیت کے لیے اپنے ناموں تک کو مغربی رکھتے ہیں۔ یہ تبدیلیاں نہ صرف طرز زندگی بلکہ ان کی دینی اور ثقافتی شناخت کو بھی متاثر کر رہی ہیں، جس کے نتیجے میں مادی سوچ اور دین سے دوری کا رجحان بڑھ رہا ہے۔"
انہوں نے زور دیا کہ "اگر نوجوان اپنے دینی اور ثقافتی اقدار پر قائم رہیں، تو وہ معاشرے میں زیادہ مؤثر اور کامیاب ہو سکتے ہیں، دینی اور ثقافتی ورثہ لوگوں کو نہ صرف اپنی شناخت محفوظ رکھنے میں مدد دیتا ہے بلکہ انہیں روحانی اور سماجی طور پر مضبوط بناتا ہے۔"
واضح رہے کہ یہ نشست آسٹریلیا میں موجود اسلامی معاشرے کی سماجی صورتحال اور چیلنجز کو سمجھنے کے لیے ایک اہم کوشش تھی، جس میں دینی اور ثقافتی پہلوؤں کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
آپ کا تبصرہ