۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ اشفاق وحیدی

حوزہ / علامہ اشفاق وحیدی نے کہا: دین اسلام ہی وہ واحد دین ہے جو ظلم و بربریت کے خاتمے اور امن و سکون سے زندگی گزارنے کا پیغام دیتا ہے۔ نفرت تفرقہ بازی اور فرقہ واریت سے قرآن نے سخت نفرت کی ہے۔ فتنہ انگیزی نے معاشرے کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا ہے۔ نوجوان نسل میں اسلام شناسی اور بیداری عصر حاضر کی اشد ضرورت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، آسٹریلیا میں مذہبی و سیاسی اسکالر علامہ اشفاق وحیدی نے بین الاقوامی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: اگر عالم اسلام اور دنیا میں تمام طبقات کے بسنے والے مذہبی و سیاسی قائدین اکٹھے ہو کر امن اور اخوت کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہچانے کا عزم کر لیں تو نفرت اور فتنہ انگیزی کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا: کچھ عناصر استعمار کے آلہ کار بن کر اور مختلف خطوں میں فساد پھیلا کر تمام ممالک کی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

علامہ اشفاق وحیدی نے کہا: آج دہشت گردی، فرقہ واریت جن اسلامی ممالک میں جس تیزی سے پھیل رہی ہے اس کے خلاف مل کر آواز بلند کرنا مسلم اُمّہ کی اہم ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا: جنگ و جدال مسائل کا حل نہیں ہے جس کے نتیجے میں بے گناہ لاکھوں عوام معصوم بچے اور خواتین مارے گئے بلکہ حکمرانوں کو ایسی پالیسیاں مرتب کرنے کی ضرورت ہے جس سے ظلم و بربریت کا خاتمہ ممکن ہو۔

علامہ اشفاق وحیدی نے ملک پاکستان کے خطے پاراچنار میں جاری بے چینی اور قتل و غارت کو روکنے کے لیے حکومت پاکستان خصوصا کے پی کے کی صوبائی حکومت پر زور دیا کہ پاراچنار کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے وہ اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .