جمعرات 29 مئی 2025 - 05:00
شادی کو آسان بنانا مسلمانوں کی ایک اہم سماجی ذمہ داری ہے: امام جمعہ شہر رزن

حوزہ/ امام جمعہ شہر رزن حجت الاسلام والمسلمین منصوری نے کہا ہے کہ شادی صرف ایک انفرادی مسئلہ نہیں بلکہ ایک سماجی ذمہ داری بھی ہے اور مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ شادی کے معاملے میں آسانی کو رواج دیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام منصوری نے حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے جوان آبادی اور نسل کی بقا کے مسئلے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اس اہم امر کا ایک بنیادی پہلو نوجوانوں کے لیے شادی کو آسان بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ: "ازدواج نہ صرف ایک ذاتی امر ہے بلکہ ایک اجتماعی ذمہ داری بھی ہے، اور ہمارے سماجی فرائض میں سے ایک یہ ہے کہ ہم شادی کے معاملات میں آسانی پیدا کریں۔"

امام جمعہ رزن نے آسان ازدواج کے لیے تین اہم اصولوں کی نشان دہی کرتے ہوئے کہا: "کم مہر، سادہ جہیز اور غیرضروری رسومات کا خاتمہ وہ عوامل ہیں جو نوجوانوں کے لیے شادی کو ممکن بنا سکتے ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ بعض اوقات سخت شرائط اور مہنگے اخراجات نوجوانوں کو شادی سے باز رکھتے ہیں یا وہ اسے مؤخر کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں، حالانکہ اگر ان امور میں سہولت فراہم کی جائے تو بہت سے نوجوان شادی کرنے کے قابل ہو سکتے ہیں۔

حجت الاسلام والمسلمین منصوری نے والدین، معاشرتی ذمہ داران اور بزرگان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: "ضرورت اس بات کی ہے کہ آسان ازدواج کی ثقافت کو فروغ دیا جائے اور مادی و تجملاتی پہلوؤں کے بجائے شادی کی اصل اور مشترکہ زندگی کے آغاز کو اہمیت دی جائے۔"

انہوں نے زور دے کر کہا: "اگر ہم اس طرزِ فکر کو معاشرے میں راسخ کر دیں تو نہ صرف شادیوں کی شرح میں اضافہ ہوگا، بلکہ خاندانی نظام بھی مستحکم ہوگا اور معاشرے کو بہت سی سماجی آفات سے بچایا جا سکے گا۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha