اتوار 19 جنوری 2025 - 06:00
امن و امان کسی بھی معاشرے کی بنیادی ضرورت اور ترقی و پیشرفت کا پیش خیمہ ہوتا ہے

حوزہ/ مدرسہ علمیہ صدیقہ طاہرہ (س) نوشہر میں ثقافتی امور کی سرپرست نے کہا: امن و امان کسی بھی معاشرے کی بنیادی ضرورت اور تمام ترقی و پیشرفت کا پیش خیمہ ہوتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی مازندران کے مطابق، مدرسہ علمیہ صدیقہ طاہرہ (س) نوشہر میں ثقافتی امور کی سرپرست محترمہ رقیہ دہقان نے امام خمینی (رح) نیول یونیورسٹی نوشہر کے طلبہ اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ منعقدہ ایک بصیرتی نشست میں خطاب کرتے ہوئے کہا: قرآن کریم کی روشنی میں خاندان کے استحکام اور اس کی حفاظت کے اصولوں کو اجاگر کرنا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا: امن و سلامتی انسانی زندگی کے لیے نہایت اہم مسئلہ ہے اور یہ ہر معاشرے کی بنیادی ضروریات میں شامل ہے چونکہ یہ انفرادی اور اجتماعی ترقی کا ذریعہ بنتا ہے۔

انہوں نے قرآن و احادیث کے تناظر میں امن و امان کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں امن کو اپنی انمول نعمتوں میں سے ایک قرار دیا ہے اور فرمایا: "وَآمَنَهُمْ مِّنْ خَوْفٍ"، یعنی اللہ نے انہیں خوف سے محفوظ رکھا۔ اگر معاشرے میں امن نہ ہو تو انسان کا ایمان بھی خطرے میں پڑ جاتا ہے۔

محترمہ رقیہ دہقان نے مزید کہا: امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام نے بھی"امن اور جسمانی صحت" کو دنیا کی دو اہم نعمتیں قرار دیا ہے۔ ان روایات سے امن و امان کی اہمیت واضح ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا: مقام معظم رہبری (مد ظلہ العالی) کے بقول، امن کسی بھی معاشرے کے لیے آکسیجن کی طرح ضروری ہے۔ ایک ترقی پذیر قوم پر سب سے بڑا حملہ اس کی سلامتی کو چھین لینا ہے کیونکہ ثقافتی اور فکری کام، معاشی ترقی اور تربیتی و اخلاقی ڈھانچے سب امن پر منحصر ہیں۔ اگر ناامنی کا احساس ہو تو ملک تباہ ہو جاتا ہے اور ترقی کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہتی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha