حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شام کی ثقافتی میدان میں سرگرم خواتین کے ایک گروہ نے جامعۃ الزہرا (س) قم کا دورہ کیا اور اس علمی ادارے میں تبلیغی و ثقافتی امور کی سرپرست سے ملاقات اور گفتگو کی۔
رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں جامعۃ الزہرا (س) کی تبلیغ و ثقافتی امور کی سرپرست محترمہ شریفی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا: شام کے ساتھ ہمارے مشترکہ اہداف ہیں اور دونوں ممالک کے عوام میں دشمنانِ اسلام کے خلاف مزاحمت کا جذبہ رواں دواں ہے۔
انہوں نے کہا: ہمیں اتحاد اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہئے تاکہ اپنے مشترکہ اور عظیم اسلامی مفاد اور مقاصد کو حاصل کیا جا سکے۔
محترمہ شریفی نے معاشرے اور خاندان میں خواتین کے اہم کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ایسے دور میں جب دشمن نے امت اسلامیہ کے خلاف مشترکہ اور نظریاتی جنگ شروع کر رکھی ہے، ہمیں اپنی ایمانی اور جہادی سرگرمیوں سے دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے مہمانوں کو جامعۃ الزہرا (س) کا تعارف کرایا اور مزید کہا: یہ دینی مرکز جمہوریہ اسلامی ایران کے بانی حضرت امام خمینی (رح) کے حکم سے قائم کیا گیا تھا اور رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای کی خصوصی توجہ کے ساتھ اس نے اپنی علمی اور دینی سرگرمیوں کو جاری رکھا ہوا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ رہبر مظم انقلاب ملک کی سماجی اور ثقافتی ترقی میں خواتین کے مقام کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اس دورے کے دوران اس گروہ میں موجود بعض خواتین نے بھی شام میں اپنی ثقافتی سرگرمیوں کا تعارف اور خلاصہ پیش کیا۔