حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر ناصر رفیعی نے حضرت جعفر بن ابی طالب (ع) پر منعقد ہونی والی کانفرنس کے منتظمین کی ایک نشست میں شرکت کرتے ہوئے ماہ رجب کے فضائل اور امیرالمؤمنین (ع) کو کی گئی پیغمبر اسلام (ص) کی بعض نصیحتوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
حجت الاسلام والمسلمین ناصر رفیعی نے اس نشست میں ماہ رجب کے با فضیلت ایام کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ نبی مکرم اسلام (ص) نے ایک روایت میں امیرالمؤمنین (ع) کو چالیس نکات کی نصیحت فرمائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص ان چالیس باتوں پر عمل کرے گا اور انہیں اپنی زندگی میں برقرار رکھے گا، وہ جنت میں داخل ہوگا اور انبیاء علیہم السلام اور صدیقین کے بعد سب سے افضل ہوگا۔
ڈاکٹر رفیعی نے اس روایت کے کچھ نکات بیان کرتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اسلام (ص) نے امام علی (ع) سے فرمایا کہ کبھی بھی دنیا کو آخرت پر ترجیح مت دینا، کیونکہ دنیا فانی ہے اور آخرت باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی خدمت کرنے میں کنجوسی نہ کریں اور یہ کہ ہمارا باطن اور ظاہر ایک جیسا ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنی، اپنے خاندان، قرابت داروں اور جاننے والوں کی تربیت کرنا اور اس چیز پر عمل کرنا جس کا آپ کو یقین ہے، یہ پیغمبر اسلام (ص) کی دو اور اہم نصیحتیں ہیں۔
مدرسہ عالی تاریخ، سیره و تمدن اسلامی کے سربراہ نے کانفرنس کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مختلف مراکز اور اداروں نے اس کانفرنس کا وسیع استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ان تمام افراد کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس کانفرنس کے انعقاد میں کسی بھی طرح کا کردار ادا کیا۔
اس نشست کے دوران کانفرنس کے علمی اور انتظامی سکریٹری حجۃ الاسلام والمسلمین عبدالمحمدی اور حجۃ الاسلام والمسلمین اوصیا، نے بھی کانفرنس کے انعقاد کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
آپ کا تبصرہ