حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مصر نے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس بلانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اجلاس 27 فروری کو قاہرہ میں ہونے والے عرب سربراہی اجلاس کے بعد منعقد ہوگا۔
مصری وزارت خارجہ کے مطابق، حالیہ دنوں میں وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے او آئی سی کے رکن ممالک، بشمول سعودی عرب، پاکستان، ایران اور اردن کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کرکے فلسطین سے متعلق تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اجلاس فلسطین، عرب دنیا اور امت مسلمہ کے موقف کو مزید مستحکم کرنے اور فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق، بشمول حق خودارادیت اور اپنی سرزمین پر زندگی گزارنے کے حق کی حمایت کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔
مصری وزارت خارجہ اور عرب لیگ کے مطابق، اس سے قبل 27 فروری کو قاہرہ میں ایک غیر معمولی عرب سربراہی اجلاس بھی منعقد ہوگا، جس میں فلسطین کی موجودہ سنگین صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
قاہرہ نے اس اجلاس کے انعقاد کے لیے بحرین، جو اس وقت عرب لیگ کے سربراہ اجلاس کی صدارت کر رہا ہے، اور عرب لیگ کے سیکرٹریٹ کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے بعد دعوت دی ہے۔ اس سلسلے میں فلسطینی حکومت سمیت عرب ممالک کے ساتھ اعلیٰ سطح پر مشاورت کی گئی، جو اس اجلاس کے انعقاد کی خواہش رکھتی تھی۔
آپ کا تبصرہ